• news

پاکستان سپر لیگ پہلا مرحلہ مکمل‘ کوئٹہ گلیڈیٹر ناقابل شکست

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 2019ء کا دبئی میں کھیلا جانے والا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ 14 سے 17 فروری تک پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر سات میچز کھیلے گئے جن میں کوئٹہ گلیڈیٹر کی ٹیم ناقابل شکست رہتے ہوئے اپنے دو میچز کھیل کر چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ تین ایڈیشن میں آخری پوزیشن حاصل کرنے والی لاہور قلندر ٹیم اس ایڈیشن کے پہلے مرحلے کے اختتام پر بھی آخری پوزیشن پر براجمان ہے۔ پشاور زلمی دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، ملتان سلطان بھی دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، اسلام آباد یونائٹیڈ ٹیم تین میچ کھیل کر دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم دو میچز کھیل کر دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔ لاہور قلندر ٹیم اپنے تین میچز میں سے صرف ایک میں کامیاب ہوئی جبکہ دو میچز میں اسے شکستوں کا سامنا رہا جس کی بنا پر پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہے۔ بیٹنگ کے شعبہ میں کوئٹہ گلیڈیٹر کے عمر اکمل دو میچز میں 119 سکورز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ کراچی کنگز کے بابر اعظم 105 رنز کے ساتھ دوسرے جبکہ کوئٹہ گلیڈیٹر کے شین واٹسن 100 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان 97 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ باولنگ کے شعبہ پر نظر ڈالی جائے تو لاہور قلندر کے راحت علی تین میچوں میں 8 کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ وہاب ریاض، حسن علی، محمد عامر اور حارث روف پانچ پانچ وکٹوں کے ساتھ بلترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن