کراچی کنگز نے بھی لاہور قلندرز کی شکایت کردی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) کراچی کنگز نے بھی لاہور قلندرز کے خلاف پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو باضابطہ شکایت کردی ہے۔پِی ایس ایل فرنچائز کے مالک سلمان اقبال نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسیم اکرم یا کسی دوسرے کرکٹر نے لاہور قلندرز کے باکس کی طرف دیکھتے ہوئے نامناسب اشارے نہیں کیے، سلمان اقبال نے کہا کہ لاہور قلندرز کے باکس کی طرف سے مبینہ طور پر وسیم اکرم جیسے لیجنڈ کے خلاف فقرے کسے گئے جو کہ انتہائی افسوسناک بات ہے، ہم نے اس بارے میں میچ ریفری اور پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی سے باضابطہ شکایت کی ہے۔واضح رہے کہ ہفتے کی شب لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست دی تھی، مبینہ طور پر میچ ختم ہونے کے بعد کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے الزام لگایا کہ لاہور قلندرز کے باکس سے کسی نے انھیں ’’آلو‘‘ کہہ کر پکارا، سابق کپتان غصے میں نظر آئے اور ایک پی سی بی آفیشل نے معاملے میں مداخلت کی۔دوسری جانب لاہور قلندرز نے الزام لگایا ہے کہ وسیم اکرم،عماد وسیم اور محمد عامر نے مبینہ طور پر لاہور قلندرز کے باکس کی جانب موجود افراد کی جانب دیکھ کر نامناسب اشارے کیے، لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے کراچی کنگز کے صدر، کپتان، اور پیسر کیساتھ اس معاملے میں مداخلت کرنے والے پی سی بی آفیشل کیخلاف باضابطہ شکایت بھی کردی تھی۔