وزارت داخلہ نے شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر 30 روز کیلئے پابندی لگا دی
اسلام آباد، لاہور (صباح نیوز، نیوز رپورٹر) وزارت داخلہ نے نیب لاہور کی درخواست پر شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر عارضی طور پر30 دن کے لئے پابندی عائد کر دی۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد شہباز شریف کا نام باقاعدہ طور پر ای سی ایل میں شامل کیا جائے گا۔ نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے 15 فروری کو وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔ شہباز شریف کا نام عبوری قومی شناختی فہرست میں شامل کر دیا گیا جس کے تحت شہباز شریف 30 روز کے لئے بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔ ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے شہباز شریف کی کمر میں تکلیف کی بناء پر ڈاکٹروں نے سفر پر پابندی لگائی ہے اور انہیں مکمل آرام کی ہدایت دی ہے اس لئے ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے شہباز شریف اسلام آباد نہیں آئیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت وقتی سیاسی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے خطے کے امن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ بھارتی قیادت ہمیشہ کی طرح الزام تراشی، اشتعال انگیزی اور دھمکیوں پر اتر آئی ہے۔ مودی نے علاقائی امن و سلامتی کو داؤ پر لگا کر دانش مندانہ طرزعمل اختیار نہیں کر رہے، جنگ کسی صورت خطے اور اس میں بسنے والے عوام کے حق میں نہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارتی دھمکیاں پاکستان کو مظلوم کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔ بھارتی قیادت اپنی وقتی سیاسی مجبوریوں اور فائدے کیلئے خطے کے امن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ کی دھمکیاں دے کر مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ وادی میں ہونیوالے انسانیت سوز مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔