میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی انجیوگرافی کی تجویز محکمہ داخلہ کو بھجوادی
لاہور (ایجنسیاں) جناح ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی انجیو گرافی کی تجویز دیتے ہوئے سفارشات محکمہ داخلہ کو بھجوا دی ہیں جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ نوازشریف دل کے مرض میں مبتلا ہیں، انہیں جلد علاج کی ضرورت ہے۔ بورڈ نے نواز شریف کی انجیو گرافی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ پی آئی سی اور سروسز ہسپتال کی رپورٹس میں بھی انجیوگرافی تجویز کی گئی تھی۔ دوسری جانب مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ سرکاری طورپر نہیں دی گئی۔ ڈاکٹرز کو میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے سنا کہ نوازشریف کی انجیوگرافی کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے والد کی عیادت کے لئے جناح ہسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے کیا۔ صحافی نے سوال کیا کہ عدالت میں پنجاب حکومت کا نمائندہ کہتا ہے کہ نوازشریف کی رپورٹ نہیں ملی جس پر مریم نواز نے کہا کہ سب کچھ دیکھ رہے ہیں، ہمیں سمجھ آ رہی۔ نوازشریف کی درخواست ضمانت پر اللہ تعالی خیر کریگا۔ قبل ازیں مریم نواز اپنے والد نوازشریف سے ملاقات کیلئے جناح ہسپتال پہنچیں تو لیگی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ انکی آمد پر مسلسل دوسرے روز بھی بد نظمی ہوئی اور دھکم پیل کی وجہ سے جناح ہسپتال کا مرکزی دروازہ ٹوٹ گیا۔ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کے کارڈیک کیتھی ٹرائزیشن کی سفارش بھی کر دی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کینتھی ٹرائزیشن کے عمل میں حرکت قلب اور شریانوں کی اندرونی جانچ کی جاتی ہے۔