کرپشن الزامات، نیب بلوچستان نے 2سابق تحصیلدار، نائب تحصیلدار اور پٹواری گرفتار کرلیا
اسلام آباد(نا مہ نگار) نیب بلوچستان نے کرپشن کے الزام میں کارروائی کرتے ہوئے دو سابقہ تحصیلداروں ، نائب تحصیلدار اور پٹواری کو گرفتار کر لیا ہے،ترجمان نیب بلوچستان کے مطابق گودار کے سابق تحصیلداروں محمد جان بلوچ، محمد جان جمالدینی، سابق نائب تحصیلدار آغا ظفر حسین اور پٹواری عبدالحفیظ پر الزام تھا کہ انہوں نے دوران ملازمت اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرتے ہوئیگوادر میں کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی من پسند افراد کو کوڑیوں کے بھائو فروخت کی، تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آنے پر ڈی جی نیب بلوچستان نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے اورنیب انٹیلی جینس کی ٹیموں نے انہیں مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ترجمان کے مطابق ڈی جی نیب بلوچستان کا کہنا ہے کہ سرکاری وسائل لوٹنے والے عناصر کا محاسبہ کیا جائے گا،سزا وجزا کا عمل بلا امتیاز جاری رہے گا،احتساب قانون کی حکمرانی کی اساس ہے، لوگوں کے حقوق غضب کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔