مسلسل کئی گھنٹے بارش، ملتان میں چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 جاں بحق
لاہور+اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+نامہ نگاروں سے+ نوائے وقت رپورٹ)بلوچستان میں سیلابی ریلوںنے تباہی مچا دی۔ صوبائی حکومت نے پاک فوج کی مدد طلب کر لی۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ ملتان میں بارش سے چھت گر گئی جس سے 3 بچوں سمیت 4 جاں بحق ہو گئے۔ لاہور میں گزشتہ روز وقفے وقفے سے دن بھر ہلکی اور موسلادھار بارش ہوتی رہی جو رات گئے تک جاری تھی۔ موسلا دھار بارش کے باعث مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ بلوچستان اور ڈی جی خان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کے روز ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر مالاکنڈ، پشاور، مردان، کوہاٹ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہیگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش سندھ موہنجوداڑو50، لاڑکانہ 41،جیکب آباد، روہڑی30، سکھر24، دادو19، پڈعیدن07، شہید بینظیرآباد 01، بلوچستان خضدار45، لسبیلا39، پسنی28، تربت24، سبی21، قلات19، گودار16، جھنگ، لیہ08، جوہرآباد07، خانیوال، بہاولنگر، چکوال، ملتان05، بھکر، منگلا04، لاہور، کامرہ، حافظ آباد، فیصل آباد02، قصور، 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کالام04 اور مالم جبہ03 انچ برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت دیگر علاقوں میں بادل آج بھی برسیں گے۔ جڑانوالہ میں موسلادھار بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے باپ بیٹا ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔ ایک کی حالت نازک ہے۔ تھانہ روڈالہ روڈ کے نواحی گائوں چک نمبر 281گ ب کا محمد لیاقت چھت پر بیٹے نسیم کے ہمراہ کسی کام میں مصروف تھا کہ چھت زمین بوس ہوگئی۔ دیگر حادثات میں فراز بلال گنج، رشیداں 352گ ب، اشفاق 96گ ب، حسن ہائوسنگ کالونی، سلیم، رضوان 240موڑ، جہانگیر، انورآباد نسیم اسلام پورہ کو مختلف جگہوں پر ہونے والے حادثات واقعات میں زخمی ہونے پر ٹی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا۔ چنیوٹ چناب نگر اور اس کے گردونواح میں گزشتہ رات ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور گلیاں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں۔ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کمالیہ شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش، ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں حالیہ بارش گندم کی فصل کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ کسیسے میں بارش سے ٹی سٹالوں، ہوٹلوں اور پکوانوں کی دکانوں پر رش بڑھ گیا۔ عارفوالا میں مسلسل بارش سے تحصیل بھر کے تمام فیڈر ٹرپ کر گئے۔ ٹرپ کر جانے والے 8 فیڈروں پر بجلی بحال کر دی گئی۔ ننکانہ صاحب میں موسلادھار بارش سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔