• news

بھارت نے جنگ مسلط کی تو جوابی اقدام کیلئے تیار ہیں‘ اقوام متحدہ دھمکیوں کا نوٹس لے: ملیحہ لودھی

نیویارک(صباح نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ ہم امن کے خواہاں ہیں لیکن بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کو جنگ میں دھکیل رہا ہے، اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو جوابی اقدام کے لئے تیار ہیں، اقوام متحدہ بھارتی دھمکیوں اور جارحانہ بیانات کا نوٹس لے۔ قوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی اور بھارت کی دھمکیوں اور وزیراعظم عمران خان کے موقف سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو خطے کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ خطے میں کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سکیورٹی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔ پاکستان بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو آگے آنا چاہیے، مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں پر بھارتی مظالم کانوٹس لیا جائے،کشمیر کا مسئلہ پرامن طور پر حل ہونا چاہیے۔ بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل اور صدر سے خطے کی صورتحال کے پیش نظر کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری غاصبانہ کارروائیوں کی جانب بھی دلائی۔ انہوں نے کہا پلوامہ واقعہ بھارتی قابض فوج کی کشمیر میں قائم کردہ شدت کی فضا کا نتیجہ ہے، اس واقعہ کو پاکستان سے جوڑ کر بھارت خطے کو جنگ میں دھکیل رہا ہے جو افغان امن عمل پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، پاکستان نہیں چاہتا خطے میں صورت حال کشیدہ ہو تاہم بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو ہم جوابی اقدام کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مطمئن ہوں کہ اس معاملے پر اقوام متحدہ میں ایک انڈر سٹینڈنگ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن