وکیل انتقال یا جج رحلت فرما جائے تب ہی التوا ملے گا : چیف جسٹس
اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے فوجداری مقدمے میں التوا سے متعلق ریمارکس دیئے ہیں کہ التواءکا فارمولا بہت سخت ہے ،یا تو وکیل انتقال کر جائے یا جج صاحب رحلت فرماجائیں،تب ہی التوا ملے گا ۔ جمعرات کو کیس کی سماعت کے دور ان چیف جسٹس نے کہاکہ وکیل جی ایم چوہدری نے عدالت سے التوا مانگاہے۔ جی ایم چوہدری نے کہا کہ اس مقدمے میں پہلے وکیل صاحب سرکاری وکیل بن گئے ہیں۔وکیل جی ایم چوہدری نے کہا کہ جی ایم چوہدری نے کہا کہ مجھے رات کو یہ فائل ملی ہے تیاری نہیں کرسکا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ نے رات کو محنت نہیں کی تو دن کو التوا نہیں ملے گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ التوا کا فارمولا بہت سخت ہے۔ یا تو وکیل انتقال کر جائے یا جج صاحب رحلت فرما جائیں، تب ہی التوا ملے گا۔ وکیل صدیق بلوچ نے کہاکہ انتقال اور رحلت کا فرق کیوں ہے،وکیل بھی رحلت فرما سکتا ہے۔وکیل کی اس بات پر چیف جسٹس مسکرا دئیے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ انگریزی کے محاورے نے یہ تھوڑا فرق پیدا کردیا ہے۔
چیف جسٹس