وفاقی کابینہ نے شہباز شریف خورشید شاہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے‘ نادرا اکاﺅنٹس کے آڈٹ کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نیشن رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف معاملات کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ نیشن رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ میں شریک ایک وزیر نے بتایا شہباز شریف، خورشید شاہ کے نام ای سی ایل میں جلد شامل کر دیئے جائینگے۔ وزیر نے مزید کہا شہباز شریف اور خورشید شاہ کرپٹ سیاستدان کے طور پر جانے جاتے ہیں اور وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ انہیں کوئی بھی دباﺅ میں نہیں لا سکتا۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے اظہر حمید کو چیئرمین ای او بی آئی تعینات کرنے، ہارون حسین اینڈ کمپنی کو نادرا اکاو¿نٹس کے آڈٹ کی ذمہ داری سونپنے، جسٹس شاہد کریم کو خصوصی عدالت کا جج جبکہ جسٹس طاہرہ صفدر کو خصوصی عدالت کا صدر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے مختلف ملکوں کے ساتھ ویزا پروسس میں نرمی اور فیس میں کمی کی منظوری بھی دی۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم نے ملک بھر میں ملاوٹ شدہ دودھ کی روک تھام کیلئے بھرپور کارروائیوں کی منظوری بھی دیدی۔ وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں سول سروس میں مدت ملازمت کے تحفظ کی اصلاحات کی تجاویز پیش کی گئیں۔ کابینہ نے مختلف محکموں کے سربراہوں، خصوصی عدالتوں کے ججز کی تعیناتی کی منظوری دیدی اور صحت کارڈ کے حوالے سے ہیلتھ لیوی ڈرافٹ بل منظور کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا۔ کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کر دی۔ کابینہ نے وزیراعظم کے بھارت کو کسی بھی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کے فیصلے کو سراہا۔ کابینہ ارکان کو سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ کابینہ ارکان نے سعودی ولی عہد کے کامیاب دورے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ کابینہ نے ایس ڈی جیز پر عملدرآمد پروگرام کیلئے سٹینڈنگ کمیٹی بنانے کی منظوری بھی دی۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں ملاوٹ شدہ دودھ کی روک تھام کیلئے بھرپور کارروائیوں کی منظوری دیتے کہا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت تمام وزرا اپنی وزارتوں کے اخراجات فوری کم کریں۔
وفاقی کابینہ