امتیازی رویہ اپنا کر جنوبی پنجاب کو ترقی سے محروم رکھا گیا : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ترجیحات میں صحت کے شعبے کو بے حد اہمیت حاصل ہے اور راجن پور کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان صحت انصاف کارڈ کی لانچنگ کے لئے آئے ہیں اور یہ اس امر کی دلیل ہے کہ وزیراعظم جنوبی پنجاب کے لوگوں سے کس قدر لگاو¿ رکھتے ہیں اور میں وزیراعظم کو خواجہ فرید کی دھرتی پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ راجن پور میں صحت انصاف کارڈ کے اجراءکی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت پنجاب ماضی کے برعکس صوبے کے ہر شہر کے ہر فرد کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔راجن پور پنجاب کا وہ ضلع ہے جس کی سرحدیں بلوچستان اور سندھ سے ملتی ہیں، میں اسے اگر پنجاب کا گیٹ وے کہوں تو یہ غلط نہ ہو گا۔ گزشتہ 10برس میں ترقی کو چند شہروں تک محدود کیا گیا۔ لاہور میں فی کس 96ہزار روپے خرچ کئے گئے جبکہ راجن پور میں فی کس 4ہزار روپے صرف کئے گئے۔اس طرح کا امتیازی رویہ اپنا کر جنوبی پنجاب کو ترقی سے محروم رکھا گیا۔تحریک انصاف کی حکومت اس تفریق کو ختم کرے گی۔ راجن پو رمیں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بھی بنے گا۔روجھان ، راجن پور اور کوہ سلیمان میں بسنے والوں کو تعلیم اورصحت کی وہ سہولتیں دیں گے جو راولپنڈی اور لاہور کے عوام کو ملتی ہیں۔ ایک علاقہ ترقی کرے اور دوسرا ترقی سے محروم رہے تحریک انصاف کی حکومت میں ایسا نہیں ہوگا۔ راجن پور میں یونیورسٹی بننی چاہیے، یہاں گیس آنی چاہیے،کچے کے علاقے میں امن وامان کے کچھ مسائل موجود ہیں۔ عمران خان کی حکومت ہر شہری کے ساتھ برابری اور مساوات کا سلوک کرے گی۔ آج عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان میں صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ عثمان بزدار نے سابق ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل (ر) حسین مہدی ممبر نیشنل فنانس کمشن ڈاکٹر سلمان شاہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی حدود میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی رپورٹ آر پی او سے طلب کر لی ہے۔عثمان بزدار نے راولپنڈی میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعات میں بچی اور خاتون کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار