جامعہ ملیہ شاہ رخ کو اعزازی ڈگری نہ دے : بھارتی حکومت
نئی دہلی (این این آئی+ صباح نیوز+ آن لائن) بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں موجود تاریخی یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کو معروف اداکار شاہ رخ خان کو اعزازی ڈگری دینے سے روک دیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے وزارت ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ ’ایچ آر ڈی‘ کو درخواست دی تھی کہ وہ سپرسٹار شاہ رخ خان کو ان کی خدمات کے عوض پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی خواہاں ہے۔ تاہم ایچ آر ڈی نے یونیورسٹی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ رخ خان پہلے ہی بھارت کی ایک اور معروف یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔ انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی یونیورسٹی نے فروری 2018 میں وزارت کو تحریری طور پر درخواست بھیجی تھی۔ سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو پر پاکستان کی حمایت میں بیان دینے پر فلم سٹی میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ بھارتی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پلوامہ حملے پر پاکستانی حمایت میں دئیے گئے بیان کے بعد نوجوت سنگھ سدھو کی مشکلات میں غیرمعمولی حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینے امپلوائز کے سیکرٹری جنرل اشوک دوبے نے فلم سٹی انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ بھارتی ٹینس پلیئر اور پاکستان کے سٹار کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ ہمیں چھت پر چڑھ کر یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں۔ یہ بات بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما راجہ سنگھ کے بیان ’انہیں فوری طور پر ریاست تلنگانہ کے اعزازی سفیر کے منصب سے ہٹایا جائے“ کے ردعمل میں کہی۔
ڈگری/روک دیا