• news

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پنجاب حکومت نے بہاولپور میں مدرسے اور مسجد کا کنٹرول سنبھال لیا

بہاولپور (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق بہاولپور میں جامعہ مسجد سبحان اللہ اور مدرسہ الصابر کو ضلعی انتظامیہ نے تحویل میں لے لیا ہے اس مرکز کو بھارتی ذرائع ابلاغ مبینہ طور پر جیش محمد تنظیم کے تربیتی مرکز سے وابستہ کر رہے ہیں جبکہ یہ خالصتاً ایک مدرسہ اور جامعہ مسجد ہے جس میں سینکڑوں یتیم اور متوسط طبقے کے طلباءدینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ڈی سی بہاولپور شوزیب سعید اور ایس پی بہاولپور سلیم نیازی نے مدارس کا مفصل دورہ کیا۔ اس اچانک دورہ میں حکومتی ٹیم نے تمام عمارتوں اور ان میں دستیاب سہولیات کا مفصل جائزہ لیا۔ اس مدرسہ اور مسجد سے کوئی ایسے شواہد نہیں ملے کہ یہ جیش محمد کا مرکز ہیں۔ اس مدرسہ میں 650 سے زیادہ بچے زیر تعلیم ہیں اور 65 کے قریب عملہ جن میں اساتذہ شامل ہیں رہائش پذیر ہیں۔ اس مدرسہ میں چھٹی کلاس تک دنیاوی تعلیم اور ثانوی انٹرمیڈیٹ اور درس نظامی کی بنیاد پر گریجویشن اور ماسٹرز تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اہلیاں بہاولپور کی بڑی تعداد اس مدرسہ کی کفالت اپنے صدقات اور عطیات سے کرتی ہے۔ اس کے علاوہ ان کو چاول اور اناج کھانے کو عوام مفت دیتے ہیں۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ان کی دیگر مدارس کی ماہانہ تفتیش اور تحقیق سپیشل برانچ سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے باقاعدہ کرتے ہیں۔ بہاولپور میں مدرسے کا نظم و نسق حکومت پنجاب نے حفاظتی اقدامات کے طور پر سنبھالا ہے اور یہ اقدام 21فروری کو ہونے والی قومی سلامتی کے اہم اجلاس کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
بہاولپور مدرسہ

ای پیپر-دی نیشن