ہم کشمیر کو بھارت کا حصہ مانتے ہیں، کشمیریوں کو نہیں، ایسی صورت حال مایوس کن ہے: چدم برم
نئی دہلی(کے پی آئی) کانگریس کے رہنما اور سابق بھارتی وزیر پی چدمبرم نے کہا ہے کہ بھارت میں کچھ لوگ کشمیر کو بھارت کا حصہ مانتے لیکن کشمیریوں کو بھارت کا حصہ نہیں مانتے ہیں ایسی صورتحال مایوس کن ہے۔ میگھالیہ کے گورنر تتھاگت رائے کی طرف سے کشمیریوں کے بائیکاٹ کال کی حمایت کرنے کے بیان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے چدمبرم نے کہا صورتحال انتہائی مایوس کن ہے۔ ہم کشمیر کو بھارت کاحصہ مانتے ہیں لیکن کشمیریوں کو نہیں۔ ٹوئٹر پر چدمبرم نے میگھالیہ کے گورنر تتھا گٹا رائے کے بیان پر نکتہ چینی کی اور کہاکہ انھوں نے جو بیان دیا ہے وہ افسوسناک ہے۔ گورنر کشمیری اشیا کا بائیکاٹ کرنے کے حامی ہیں لیکن اِس ریاست کشمیر کا سیاح کی حیثیت سے دورہ کرتے ہیں۔ بھارتی وزیر پرکاش جاویڈکر کہہ رہے ہیں کہ وادی سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ملک کی ایسی صورتحال مایوس کن ہے۔ کیا کشمیری عوام بھی اِس ریاست کا حصہ نہیں ہیں۔ کانگریس لیڈر نے بھارتی وزیر فروغ انسانی وسائل کے بیان کا حوالہ دیا جنھوں نے کشمیری طلبہ پر کسی بھی حملے کی اطلاع کی تردید کی۔ بھارت میں بعض لوگ کشمیری طلبہ کو انسان تصور نہیں کرتے اور انھیں ملک کے کسی بھی حصہ میں تعلیم حاصل کرنے کے حق دار نہیں مانتے، کیا یہ درست ہے۔
چدم برم