پاکستان شوٹرز کا ٹوکیو اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کا موقع ضائع ہونے سے بچ گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کی بروقت احسن اقدام سے پاکستان شوٹرز کا ٹوکیو اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کا موقع ضائع ہونے سے بچ گیا۔ آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ کے لیے بھارت کی جانب سے پاکستانی شوٹرز کو ویزے جاری نہ کرنا انتہائی مایوس کن ہے۔ پی او اے صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے شوٹر ایک لمبے عرصے سے اس ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ ہمارا ہمیشہ سے ایک موقف رہا ہے کہ کھیلیں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کا باعث بنتی ہیں اور ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا جس کے بعد ہمارے پاس صرف آئی او سی کے پاس جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے بہت ہی اچھا اور بروقت فیصلہ آیا ہے۔ جس کے مطابق 25 میٹر ریپڈ فائر کو ورلڈ کپ ایونٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ اس ایونٹ میں پاکستان کے دو اتھلیٹ شوٹر غلام مصطفٰی بشیر اور محمد خلیل اختر کو بھارتی حکومت کی جانب سے ویزا جاری نہ کر کے ایونٹ سے محروم کر دیا گیا تھا۔ آئی او سی کی جانب سے انٹرنیشنل شوٹنگ سپورٹس فیڈریشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستانی اتھلیٹس کے لیے ٹوکیو اولمپک میں شرکت کے لیے کوالیفائنگ کوٹہ فراہم کرنے کا بندوبست کیا جائے۔