• news

خالد سجاد کھوکھر ایشین ہاکی فیڈریشن کے بلامقابلہ نائب صدر منتخب

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالد سجاد کھوکھر ایشین ہاکی فیڈریشن کے بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہوگئے۔ جاپان میں ایشین ہاکی فیڈریشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 27 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالد سجاد کھوکھر کو ایشین ہاکی فیڈریشن کا بلامقابلہ نائب صدر منتخب کیا گیا اور خالد سجاد کھوکھر کی پاکستان میں ہاکی کے فروغ کے لئے خدمات کو بھی سراہا گیا۔ سجاد کھوکھر نے کہاکہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ پورے ہائوس نے مجھے اس قابل سمجھا کہ مجھے بلامقابلہ نائب صدر منتخب کیا،۔کوشش ہے پاکستان کا ہاکی کے میدان میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکتے۔ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے اور حکومت تعاون کرے تو انٹرنیشنل ٹیموں کے کھلاڑی پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں۔ایشین ہاکی فیڈریشن کے اجلاس میں شرکت کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالد سجاد کھوکھر جاپان کل واپس وطن پہنچیں گے۔ ملک بھر سے کھلاڑیوں، صوبائی اور ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالد سجاد کھوکھر کو ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی کاوشوں سے نہ صرف ملک میں بلکہ انٹرنیشنل سطح پر ہاکی کے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن