پاکستان سپر لیگ بہترین کھلاڑیوں کا بڑا ٹورنامنٹ ہے: ویوین رچرڈز
لاہور سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ماضی کے شہر آفاق بیٹسمین سر ویوین رچرڈز کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی کے بہترین کرکٹرز پاکستان سپر لیگ میں کھیل رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے۔سرویوین رچرڈز پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے وابستہ ہیں۔ کوچ سرویوین رچرڈز نے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ قدر کی نگاہ سے دیکھا جانے والا بہت بڑا ایونٹ ہے جس نے شائقین کی توجہ حاصل کررکھی ہے کیونکہ اس میں ٹی ٹونٹی کے بہترین کرکٹرز کھیل رہے ہیں۔ خود انہیں بھی پی ایس ایل سے اپنی وابستگی پر بہت زیادہ خوشی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈگ آؤٹ میں ان کے ہمیشہ ْپرجوش رہنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ جو کھلاڑی میچ نہیں کھیل رہے ہیں ان کے لیے خوشی کا ماحول پیدا کیا جائے تاکہ جب میدان میں وکٹ گرے یا چھکا لگے تو نہ کھیلنے والے کھلاڑی بھی ْپرجوش ہوکر میدان میں موجود ساتھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں، انہیں خوشی ہے کہ وہ ایک ایک لمحے سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ پاکستان بہترین فاسٹ بائولرز کے لیے شہرت رکھتا ہے اور ان بائولرز کی پی ایس ایل میں موجودگی اس ایونٹ کی اہمیت مزید بڑھادیتی ہے۔ دیگر ٹی ٹونٹی لیگز سے پی ایس ایل کے موازنے کے بارے میں سرویوین رچرڈز کا کہنا ہے کہ یہ دیکھا جاتا ہے کہ کس لیگ میں کون کون کھیل رہا ہے۔ کچھ کرکٹرز آئی پی ایل کھیل رہے ہیں جو اسوقت سب سے زیادہ مقبول ہے لیکن پی ایس ایل میں بھی اگر دنیا کے مختلف ممالک کے کرکٹرز آتے رہے تو یہ لیگ بھی بہت آگے جائے گی۔پاکستان سپر لیگ کا پاکستان میں انعقاد بہت ضروری ہے تاکہ پاکستان شائقین اپنے کرکٹرز کو اپنے سامنے پرفارمنس دیتے ہوئے دیکھ سکیں کیونکہ جب آپ اپنے ملک سے باہر کھیل رہے ہوتے ہیں تو پھر شائقین سے اس طرح کا تعلق قائم نہیں ہوتا۔ انہیں امید ہے کہ اللہ نے چاہا تو پاکستان میں بہت اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔سرویوین رچرڈز نے انٹیگا ٹیسٹ کی وکٹ کے بارے میں کیے گئے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں آؤٹ کلاس کردیا تھا جس کا جواب انگلینڈ کے پاس نہ تھا۔سرویوین رچرڈز سمجھتے ہیں کہ اگر تمام سٹار کرکٹرز ویسٹ انڈین ٹیم میں واپس آگئے اور انہوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی دکھائی تو وہ پورے یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی کارکردگی بہت ہی اچھی ہوگی۔