پاکستان کی بجائے بھارت کی کرکٹ ورلڈکپ سے چھٹی کا امکان
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کی بجائے بھارت کی کرکٹ ورلڈکپ سے چھٹی کا امکان پیدا ہوگیا، ورلڈکپ کے دوران پاکستان سے میچ کھیلنے سے انکار کرنے پر آئی سی سی بھارت کیخلاف سخت ترین ایکشن لینے پر مجبور ہو جائے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق رواں ماہ دبئی میں شیڈول آئی سی سی میٹنگ میں بھارت پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت پر ہی پابندی لگانے کا مطالبہ کریگا،البتہ سیاسی وجوہات کی بنا پر کونسل کی جانب سے ایسے کسی فیصلے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کو بھیجی گئی ایک ای میل میں مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ 2019ء سے باہر کیا جائے کیونکہ وہ اپنے ملک میں دہشتگردوں کو پال رہا ہے اور بھارت کیخلاف دہشتگردی کوبڑھاوا دے رہا ہے۔ بھارتی عوام میں پاکستان کے بارے میں انتہائی غصہ پایا جاتا ہے اور بھارتی بورڈ اپنی عوام کی امیدوں کے برعکس کوئی کام نہیں کریگا۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارت کی چال اسی پر الٹی پڑ گئی ہے۔ آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران پاکستان کیساتھ میچ نہ کھیلنے پر بھارت کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پاکستان سے میچ کھیلنے سے انکار کرنے پر آئی سی سی بھارت کیخلاف سخت ترین ایکشن لینے پر مجبور ہو جائے گا۔ اور یہ کارروائی بھارت کی ورلڈکپ سے بے دخلی کی صورت میں بھی ہو سکتی ہے۔