• news

لاہور قلندر نے ملتان سلطانز ، اسلام آباد یونائٹیڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائٹیڈ نے پشاور زلمی کو شکست دیدی ۔ شارجہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے ڈویلیئرز اور ڈیوڈ وائز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ملتان سلطانز نے 6وکٹوں کے نقصان پر 200 رنزبنائے۔عمر صدیق53‘جیمز ونس 84رنز بناکر نمایاں رہے ۔ لیمی چھانے نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ قلندرز نے ڈویلیئرز اور ڈیوڈ وائز کے درمیان 98 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔لاہور قلندرز نے 204 رنز بنائے جو پی ایس ایل کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ڈویلیئرز نے 29 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 52 رنز بنائے جبکہ وائز 5 چھکوں کے ساتھ 20 گیندوں پر 45 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز فخرزمان اور سہیل اختر نے 35رنز کا آغاز دیا، سہیل اختر دس رنز بناکر چلتے بنے۔فخرزمان اور سلمان بٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بناکر سکور 101 تک پہنچادیا۔فخرزمان 35 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل جنید خان کا شکار بنے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔اسی اوور میں جنید خان نے سلمان بٹ کو بھی پویلین کی راہ دکھادی، وہ 17 رنز بناسکے۔آغا سلمان صرف 2 رنز بناکرلوٹ گئے۔اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ میچ لاہور قلندرز کے ہاتھ سے نکل گیا ہے لیکن ڈو یلیئرز اور وائز نے ملتان سلطانز کے کسی بھی بائولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 45 گیندوں پر 98 رنز جوڑے۔وائز نے آخری بال پر چھکا لگا کر نہ صرف ٹیم کو فتح دلائی بلکہ مجموعی سکور 204 رنز پر پہنچا کر پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بھی بنا دیااور سب سے بڑا ہدف بھی حاصل کیا۔ڈویلیئرز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔جنید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں ۔دوسرے میچ میںکپتان محمد سمیع کی ہیٹ ٹرک کی بدولت اسلام آباد یونائٹیڈ نے پشاور زلمی کو 12رنز سے ہر ادیا ۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 9وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنائے ۔رونکی اکیس ‘صاحبزادہ فرحان پندرہ ‘این بیل 54‘حسین طلعت صفر ‘ڈیلپورٹ انتیس ‘آصف علی تیرہ ‘فہیم اشرف دو ‘شاداب خان چھ اور سمیت پٹیل پانچ رنز بناکر آئو ٹ ہوئے۔محمد سمیع دو اور محمد موسیٰ صفر پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ ثمین گل نے تین ‘حسن علی نے دو ‘عمید آصف‘وہاب ریاض اور کیرن پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی ۔۔رنز بناسکی ۔ کامران اکمل سات‘امام الحق اٹھارہ ‘ڈیوڈ میلان ایک ‘عمر امین چودہ ‘ڈاسن اکیس ‘کیرن پولارد 51‘ڈیرن سیمی گیارہ ‘وہاب ریاض بیس ‘حسن علی دو ‘عمیدآصف صفر پر آئوٹ ہوئے ۔ ثمین گل صفر پر آئوٹ ناٹ آئوٹ رہے ۔ کپتان محمد سمیع نے ہیٹ ٹرک سمیت تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ محمد موسیٰ نے تین ‘فہیم اشرف نے دو ‘سمیت پٹیل ‘شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ محمد موسیٰ نے ٹی ٹونٹی ڈیبیو کیا۔

ای پیپر-دی نیشن