بھارتی فائرنگ سے شہید ہونیوالی خاتون کی میت پاکستان پہنچا دی گئی
نارووال (نامہ نگار) بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والی گلشن بی بی کی میت کو لیکر اہل خانہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال پہنچ گئے۔ تین روز قبل تاج پورہ کی رہائشی ذہنی معذور24سالہ گلشن بی بی غلطی سے انڈین باڈر کراس کر گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق انڈین فورسز نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔ اطلاع کے مطابق گلشن بی بی دو روز امرتسر کے ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز دم توڑ گئی۔ گلشن بی بی کی موت پر اہلخانہ اور بوڑھے والدین دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ گزشتہ روز گلشن بی بی کی لاش واہگہ باڈر پر پاکستانی احکام کے حوالے کی گئی جسے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔