بھارتی جارحیت کا ملکر جواب دیں گے، بھول میں نہ رہیں، پاکستان ایٹمی ملک ہے: اسحاق ڈار
لندن(صباح نیوز)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کی، پلوامہ حملہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کا رد عمل ہے، بھارت کی طرف سے جارحیت کا مل کر جواب دیا جائیگا، پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے۔ کوئی کسی بھول میں نہ رہے، پاکستانی قوم کل بھی متحد تھی اور آج بھی پوری طرح متحد ہے۔سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے پچاس ہزار سے زائد سول، پولیس اور فوج کے جوانوں نے قربانی دی، مسلم لیگ ن کی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا، پاکستان کی قربانیوں کے بعد الٹا پاکستان پر الزام لگانا قابل افسوس ہے۔دوسری جانب اسحاق ڈار کا لندن کے ہسپتال میں طبعی معائنہ کیا گیا۔ اسحق ڈار کی ریڑھ کی ھڈی کا سکین بھی کیا گیا جبکہ رپورٹ چند روزمیں آئیگی۔ ڈاکٹرز نے اسحاق ڈار کو سرجری کروانے کا مشورہ دے دیا جبکہ انکی فیملی نے سرجری کی مخالفت کر دی ہے۔آپریشن کے دوران چھوٹی سی غلطی سے بھی معذور ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث رپورٹس آنے کے بعد ماہر ڈاکٹر سرجری کا حتمی فیصلہ کریں گے۔