پی ٹی آئی نے پی اے سی میں نہ لا کر شیخ رشید کو شٹ اپ کال دی: سعید غنی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کے سیاسی تابوت سے پی ٹی آئی والے بھی تنگ ہیں۔آصف زرداری پر تنقید کرکے شیخ رشید مراعات کے طلبگار ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے تحریک چلائی تو شیخ رشید کے آقاؤں کو بھی لگ پتہ جائے گا۔ پی اے سی میں نہ لاکر پی ٹی آئی نے شیخ رشید کو شٹ اپ کال دی۔ شیخ رشید اب صرف سیاسی گداگر رہ گئے ہیں۔ سیکرٹری جنرل پی پی پی نیئر بخاری نے بیان میں کہا ہے کہ الزام تراشیوں اور نکتہ چینیوں سے حکومت نہیں چلتی۔ وزیراعظم ہر سرکاری تقریب کو مخالفین کے خلاف جلسہ سمجھتے ہیں، عمران خان حکومت تعصب کے خول سے باہر نہیں نکل رہی سرکاری اختیارات کا ناجایز اور غیر قانونی استعمال کسی صورت قبول نہیں۔حکمرانی کی آڑ میں مال و تجارتی فوائد سے مالا مال ہونے والوں سے قوم با خبر ہے ،پی پی پی کی آئینی حقوق کیلئے تعین کردہ سمت کا احترام یقینی بنایا جائے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منور انجم نے کہا ہے کہ نیب کٹھ پتلی بن چکا ہے اور ہٹلر کے وزیراطلاعات گوئیبلز کے نقش قدم پر چل کر ان کی اس تھیوری پر عمل پیرا ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ سچ دکھائی دینے لگے۔ منور انجم نے کہا کہ عمران خان کی زبان پر ہر وقت پیسے کی بات ہوتی ہے جو اس بات کی عکاسی ہے کہ عمران خان دولت سے دولت سے کتنا عشق کرتے ہیں۔ منور انجم نے کہا کہ شوکت خانم فنڈز کا فرانزک آڈٹ ہوا تو قوم دنگ رہ جائے گی اور علیمہ خان کو پکڑا گیا تو حیران کن انکشافات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس والدہ کے علاج کے لئے پیسہ نہیں تھا جبکہ ان کی ہمشیرہ علیمہ خان کہتی ہے کہ ان کو اربوں روپے خاندانی وراثت میں ملے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی بہن سے مل کر یتیموں کا پیسہ لوٹا جو عمران کے محلات اور علیمہ خان کے بیرون ملک اثاثوں سے ظاہر ہو رہا ہے۔