کرپشن کی موجودگی میں معاملات بہترنہیں ہو سکتے لاپتہ افراد معاملہ پر قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے : صدر
کراچی(آئی این پی، این این آئی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے لاپتہ افراد کے معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے، امید ہے لاپتہ افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہوگا۔ کرپشن کے ہوتے معاملات بہتری کی طرف نہیں جاسکتے، پاکستان معاشی ترقی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے۔ کراچی میں ادبی میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا نفرتیں پھیلانا سندھ کی ثقافت کیخلاف ہے لہذا سندھ کی آبادی کو جوڑنا میرا فرض ہے، فیڈریشن کا آئینی فرض بنتا ہے کہ سب کو متحد رکھے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ جیت رہے ہیں۔ پاکستان معاشی ترقی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے۔ این این آئی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے حکومت خواتین کو حق وراثت دینے حقوق العباد کی فراہمی کے ساتھ نوجوانو ں کو نشے کی لعنت سے بچانے کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے پاکستان اسلامی ریاست ہے جہاں پر اسلامی قوانین پر عمل درآمد کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری، رکن شوریٰ حاجی عبدالحبیب عطاری اور ارکان مجلس رابطہ کے ہمراہ گورنر ہاﺅس کراچی میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت کو ایک خط بھی دیا گیا جس میں مختلف مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ مولانا محمد عمران عطاری نے نوجوان نسل میں بڑھتے ہوئے نشے کے رجحان کے حوالے سے صدر مملکت سے کہا ملک میں نشہ بہت عام ہوگیا، بد قسمتی کےساتھ اس نشے میں تعلیمی ادارے مراکز بن رہے ہیں، اس کی روک تھام کی جائے، وفد نے صدر مملکت کوبتایا کہ نشے کی لت میں سالانہ 5 لاکھ افراد کا اضافہ ہورہا ہے اورمنشیا ت کی وجہ سے سالانہ 2لاکھ 50 ہزار افراد موت کا شکار ہورہے ہیں جبکہ شراب پینے کا رحجان بھی بڑھ رہا ہے۔ مولانا محمد عمران عطاری نے کہا سود کے ہوتے ہوئے معیشت ترقی نہیں کرسکتی، خدارا اس لعنت سے ملک وقوم کو بچایا جائے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دعوت اسلامی کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل پر اتفاق کیا۔
صدر