ملک میں مایوسی ہے، امید نظر نہیں آتی کہ حالات بہتر ہوں گے: شاہد خاقان
ایبٹ آباد ، ہری پور، مانسہرہ(اپنے نمائندوں سے ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ملک میں مایوسی ہے، امید نظر نہیں آتی کہ حالات بہتر ہوں گے، چھ ماہ میں موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت جتنی تباہ کی ہے اور مہنگائی کی ہے اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔پاکستان کے عوام عمران خان کی آپ نے 26 فروری کو ثابت کرنا ہے کہ عوام برسراقتدارحکومت کومسترد کرتے ہیں۔ پہلے بھی ملک اور قوم کو ترقی نوازشریف نے دی، آئندہ بھی نوازشریف ہی دیں گے۔ یہ ملک کی بدنصیبی ہے کہ پچیس جولائی کا انتخاب چوری کیاگیا اور ملک پر عمران خان جیسا وزیراعظم مسلط کیاگیا۔ بچہ بچہ جانتا ہے کہ یہ منتخب نہیں بلکہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہے۔ آج اس کی کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کی حکومت اور عمران خان سے کوئی خیرکی توقع نہیں رکھ سکتے۔ وہ مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخواہ کے صدر انجینئر امیر مقام، سابق وفاقی وزیر سردار یوسف، مرتضی جاوید عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ضیائ الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمان سید قاسم شاہ نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی بدنصیبی ہے کہ 25 جولائی کا الیکشن چوری کیاگیا اور عمران خان جیسا وزیراعظم مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ آج ہر شخص مہنگائی کو محسوس کرتا ہے۔ ہمارے دور میں حالات کیوں بہتر ہورہے تھے اور چھ ماہ میں حالات اتنے خراب کیوں ہوگئے، کسی کو اس بات کا جواب نہیں مل رہا ؟ ان چھ ماہ میں جتنی مہنگائی ہوئی اور ملکی معیشت تباہ ہوئی، اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ یہ تشویشناک صورتحال ہے۔انہوں نے بالاکوٹ کے عوام سے کہاکہ وہ شہدائ کی سرزمین کے امین اور وارث ہیں۔ انہوں نے اپنے ووٹ سے فیصلہ کرنا ہے۔ وہ اپنے ووٹ سے اس حکومت کو مسترد کریں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے لئے نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) نے ہی کام کیا ہے۔ ہزارہ موٹر وے نوازشریف کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے اس کا خواب دیکھا تھا کہ اس منصوبے سے اس پورے خطے میں ترقی اور تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے یہ حقیقت اس وقت محسوس کی تھی، جب دیگر لوگ ان پر تنقید کررہے تھے اور مخالفت میں مصروف تھے۔ 2013ءمیں ملک میں بجلی نہیں تھی۔ یہ نوازشریف تھا اور ان کی حکومت تھی جس نے پانچ سال میں اتنی بجلی پیدا کی جو پاکستان کی تمام تاریخ میں بنائی گئی تھی۔ یہ نوازشریف کی محنت تھی کہ آج بجلی کے اندھیروں کا مسئلہ حل ہوچکا ہے اور ہمارے پاس وافر بجلی موجود ہے۔ ہم جب آئے تھے تو اس وقت لوگ قطاروں میں لگے ہوئے تھے، ملک میں گیس نہیں تھی۔ نوازشریف نے اس مسئلے کو بھی حل کیا۔ پانچ سال میں ہم نے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی۔ شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی گرفتاری پرشدید خدشات ہیں ، انہیں بغیر کسی الزام کے گرفتارکیا گیا۔ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکرز پربھی الزامات ہیں۔جس ملک میں حکومت ہی اسمبلی نہیں چلانا چاہے، اس کا کیا حال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جو الزام نواز شریف پر لگائے گئے اس کا قانون میں کہیں وجود ہی نہیں۔ نواز شریف پر لگے الزامات عمران خان اور ان کے وزرا پر لگائے جائیں تو سب جیل میں ہوں گے۔ عمران خان اپنے وزرا سے احتساب کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہاکہ ضیاءالرحمن ایک اصولی انسان ہیں جو انتخاب میں کھڑے ہوئے ہیں۔ لوگوں نے سینٹ انتخاب میں پیسوں کی خاطر ضمیر بیچ دیا لیکن ضیاءالرحمن نے ایسا نہیں کیا۔ ایسے انسان کو منتخب کریں جو آپ کے ووٹ کو پیسوں کی خاطر نہ بیچے اور آپ کی عزت کا باعث بنے۔ شاہد خاقان عباسی نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ منافقوں کی حکومت ہے۔ حکومت سے اسمبلی نہیں چل پارہی۔ حکومت کی طرف سے جو وزیراٹھتا ہے، گالی نکالتا ہے اور جھوٹ بولتا ہے۔ حالانکہ حکومت برداشت کرتی ہے، اور دل کھلا رکھتی ہے۔ اپنی سیاسی زندگی میں ایسی حکومت نہیں دیکھی جو اسمبلی میں عوام کی بات نہیں کرنے دیتی۔ وزیراعظم، وزرائ نے اسمبلی کا ماحول خراب کیا ہوا ہے۔ یہ پہلی بدتمیز حکومت ہے۔ انہوں نے کہاکہ احتساب کریں، ہم بھی چاہتے ہیں۔ پورے دعوے اور یقین سے کہتا ہوں کہ جو الزام نوازشریف پر لگائے گئے، وہ عمران خان اور ان کی کابینہ پر لگائیں، پوری حکومت جیل میں ہوگی۔
شاہد خاقان