• news

فروری کے تیسرے ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافہ

لاہور (سٹاف رپورٹر) فروری کے تیسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریے 0.34 فیصد بڑھ گئے پاکستان بیور و شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 22 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، ٹماٹر، کیلے، آلو، خوردنی تیل، آٹا ،گڑ، چنے کی دال ، دال مونگ ، دال مسور، انڈے، لہسن، اری چاول، ویجی ٹیبل گھی سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ایل پی جی، پیاز، سرخ مرچ ،گندم، دال ماش، چینی سمیت 6اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کا تیل، گیس نرخ، بجلی کے نرخ، نمک، چائے، روٹی سادہ، تازہ دودھ، دہی، ملک پائوڈر، باسمتی چاول، مسٹرڈ آئل، مٹن، بیف، سگریٹ، صابن سمیت 31 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق دوسرے ہفتے کے مقابلے میں تیسرے ہفتے میں8ہزار تا 12ہزار آمدنی، 12 ہزار تا 18 ہزار، 18ہزار تا 35ہزار تک اور 35ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.34، 0.36،0.34 اور 0.32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔علاوہ ازیں شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت 212روپے ، زندہ برائلر مرغی146روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 105روپے فی درجن پر مستحکم رہی۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق ٹماٹر کے نرخوں میں 4روپے کمی سے سرکاری نرخ 106روپے فی کلو مقرر کئے گئے تاہم اوپن مارکیٹوں میں دوکانداروں نے قلت کو جواز بناتے ہوئے 120سے 130روپے فی کلو تک فروخت جاری رکھی۔

ای پیپر-دی نیشن