• news

عام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کو کھلے عام چرایا گیا: فضل الرحمن

سکھر، بدین (آئی این پی، آن لائن، نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں جبر کی بنیاد پر حکومت قائم ہے۔ سرعام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کو کھلے عام چرایا گیا ہے۔ ملین مارچ سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کی اور آج پاکستان کی معیشت تباہ کردی گئی۔ بھیک مانگی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کرسی پر ایسے لوگوں کو بٹھانا کرسی کی بے توقیری کرناہے۔ ہم پر انگوٹھا چھاپ حکومت مسلط کردی گئی ہے۔ دریں اثناء سجاول میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کچھ واقعات،حادثات ہوجاتے ہیں جس کی بنیاد پر زبانیں باہرنکل آتی ہیں جو حالات کو تشویشناک بنادیتی ہیں،بظاہرایسے حالات نہیں ہیں کہ یہ خطہ جنگ کا متحمل ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے خلاف تحریک کے مقاصد پاکستان کی نظریاتی حیثیت، اسلامی اور مذہبی حیثیت کا تحفظ،عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کا تحفظ،عام آدمی کی زندگی جس طرح اجیرن کردی گئی ہے ہم عام آدمی کے ترجمان ہیں،پورے ملک کو جس طرح معاشی لحاظ سے بٹھا دیا گیا ہے۔اس قوم کو کس طرح اٹھائیں گے یہ پوری قوم کے لئے فکرمندی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ پانی کے معاملات پرانے ہیں ان میں کچھ ہماری بھی غفلتیں ہیں جس کی وجہ سے انڈیااس میں کامیاب ہواہے۔انہوں نے سجاول میں ایک پٹرول پمپ کا افتتاح بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن