• news

صوبائی لاء افسران کی تنخواہوں اور مراعات میں فرق کا انکشاف

اسلام آباد ( محمد اعظم گِل۔ نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک ہی عہدے پر کام کرنے والے صوبائی لاء آفیسرز کی تنخواہوں اور مراعات میں فرق کا انکشاف ہوا ہے۔ سب سے زیادہ تنخواہیں سندھ کے لاء افسران جبکہ سب سے کم تنخواہیں بلوچستان کے لا ء افسران کو مل رہی ہیں، باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ عدالت عظمی میں تعینات صوبائی لاء افسران کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑے پیمانے پر امتیازی فرق ہے صوبائی حکومت کی طرف سے سب سے زیادہ تنخواہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ 17 لاکھ روپے وصول کررہے ہیں جبکہ دیگر تین صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز 7 لاکھ روپے فی کس پر تعینات ہیں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو گاڑیوں اور پٹرول کی سہولت بھی دستیاب ہے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی تنخواہوں میں بھی نمایاں فرق دیکھنے میں آیا ہے ایڈیشنل ایڈووکیٹ سندھ اور پنجاب کی تنخواہیں ساڑھے 6 لاکھ روپے ، خیبر پختونخواہ کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ کی تنخواہ 4.5 لاکھ جبکہ بلوچستان کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی تنخواہ صرف 90 ہزار روپے ہے، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کی تنخواہ ایک لاکھ پانچ ہزار جبکہ دیگر تین صوبائی اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرلز کو ساڑھے تین لاکھ روپے فی کس تنخواہ دی جارہی ہے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو 1800 سی سی گاڑی جبکہ دیگر صوبوں کو 1300 سی سی گاڑیوں کی سہولت دستیاب ہے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز میں پنجاب کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو گاڑی کی سہولت میسر نہیں جبکہ دیگر صوبوں کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز کو گاڑیوں کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

ای پیپر-دی نیشن