• news

پنجاب میں من پسند کمپنیوں کو اربوں روپے کے ٹھیکے اگلے ماہ ریفرنس دائر ہونے کا امکان

لاہور (شہزادہ خالد سے ) پنجاب میں من پسند کمپنیوں کو اربوں روپے کے ٹھیکے دینے کے حوالے سے احتساب عدالت میں آئندہ ماہ نیا ریفرنس دائر کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں ترقیاتی کام کرانے کے لئے فزیبلٹی کے نام پر من پسند نجی کمپنیوں کو 7ارب 65 کروڑ 31 لاکھ 8 ہزار روپے کے ٹھیکے دیئے گئے۔ محکمہ خزانہ نے سابق دور حکومت میں سرکاری افسر اور انجینئرز ہونے کے باوجود قومی خزانے پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔ گذشتہ چار سال میں فزیبیلٹی کے نام پر اربوں روپے کے اخراجات کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈرین اور سیوریج سسٹم پراجیکٹ کی مد میں 3 کروڑ 30 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔ محکمہ وائلڈ لائف نے لاہور اور بہاولپور میں نیشنل پارک اور سفاری پارک پراجیکٹ کی فزیبیلیٹی کی مد میں ایک کروڑ 70 لاکھ روپے نجی کمپنیوں کو دیئے۔ لاہور میں انرجی کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے، لاہور اور فیصل آباد میں انڈسٹریل سٹیٹ اور کوئلے کے پراجیکٹس کی فزیبیلیٹی کے لیے 23 کروڑ 90 لاکھ روپے، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے لاہور میں نالج سٹی پراجیکٹ کے نام پر 5 کروڑ 60 لاکھ روپے نجی کمپنیوں کو ادا کیے۔ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میں لائیو سٹاک ماڈل فارمنگ کی فزیبیلیٹی کے لیے 3 کروڑ روپے استعمال ہوئے۔ ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ نے ماحول کی بہتری کے نام پر ایک کروڑ روپے ہوا میں اْڑا دیئے۔ واسا نے نکاسی آب اور سڑکوں کی مرمت و بحالی کے مختلف پراجیکٹس میں قومی خزانے کو 35 کروڑ 60 لاکھ روپے کا ٹیکہ لگایا۔ مختلف اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر ، انجینئیرنگ اور ڈیزائنز کی فزیبیلیٹی کی مد میں 2 ارب 98 کروڑ اور 80 لاکھ روپے ، محکمہ وائلڈ لائف نے مختلف اضلاع میں سفاری پارک اور چڑیا گھروں کی تعمیر کے لیے 4 کروڑ اور 20 لاکھ روپے اْڑا دیئے۔محکمہ ماہی پروری نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپس کے تحت بنائے جانے والے تالاب کے لیے 3 کروڑ 10 لاکھ روپے،ٹوارزم ڈیپارٹمنٹ نے کیبل کار کی تنصیب، شٹل سروس سمیت دیگر منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 56 کروڑ 80 لاکھ روپے ادا کیے۔ اربن ڈیوپلپمنٹ یونٹ نے چار سال میں فزیبیلیٹی کے نام پر 1 ارب 24 کروڑ 40 لاکھ روپے کا چْونا لگایا۔ محکمہ توانائی نے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس سمیت دیگر منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 1 ارب 15 کروڑ 23 لاکھ اور 18 ہزار روپے اْڑا دیئے۔ محکمہ انہار نے ٹھٹھہ ڈیم اور قطب بندی ڈیم سمیت مختلف منصوبوں کی فزیبیلیٹی کی مد میں ایک ارب 11 کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کئے۔

ای پیپر-دی نیشن