دوحہ میں امریکہ، طالبان مذاکرات: سہولت دینے پر پاکستان کا مشکور ہوں، زلمے‘بات چیت آج ہوگی، ترجمان طالبان
دوحہ (آن لائن، نوائے وقت رپورٹ) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے طالبان رہنماو¿ں سے مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ افغان طالبان سے مذاکرات کے لیے دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نےمذاکرات کی میزبانی پر قطر اور ان کے سفر میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا طالبان کے شریک بانی ملا عبدالغنی برادر اور ان کی ٹیم کے ساتھ کھانا کھایا، ملا برادر سے یہ میری پہلی ملاقات ہے، اب مذاکرات کی طرف بڑھیں گے۔ امن عمل سے متعلق ملاقات کے لیے دوحہ پہنچنے والے طالبان رہنماو¿ں نے زلمے خلیل زاد سے ملاقات سے قبل بہتر نتائج کی امید کا اظہار کیا ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ’ اس بات کے امکانات ہیں کہ ہم کسی نتیجے پر پہنچیں گے‘۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق افغان مفاہمتی عمل کے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بیان میں کہا ہے طالبان رہنما ملا برادر کی ٹیم کے ساتھ ہماری پہلی ملاقات ہوئی، ورکنگ لنچ بھی کیا، اب بات چیت کی طرف جا رہے ہیں ، ترجمان افغان طالبان نے کہا ہے قطری حکام نے طالبان اور امریکی وفود کو مدعو کیا ہے، دونوں وفود کے درمیان تعارفی سیشن ہوا ، دونوں کے درمیان بات چیت کا طے شدہ دور آج ہوگا۔
امریکہ/طالبان