• news

بھارت سے جنگ کا خطرہ نہیں ٹلا‘ جنونی کچھ بھی کر سکتے ہیں : شاہ محمود‘ کشیدگی امن کیلئے نقصان دہ ہو سکتی ہے : چینی وزیر خارجہ

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چین، جاپان اور پولینڈ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطے کئے اور پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کو پلوامہ واقعہ کے بعد امن و امان کی صورتحال سمیت کشیدگی کم کرنے کے پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ بھارت سے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے ٹیلیفونک رابطے پر شاہ محمود کا شکریہ ادا کیا اور قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کشیدگی خطے میں امن و امان کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی گرانقدر خدمات کا معترف ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی۔ وزیرخاوجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے بھرپور تعاون پر چینی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب تاروکونو کو ٹیلیفون کیا اورحالیہ دورہ¿ جاپان مو¿خر کرنے کی وجوہات بتائیں جبکہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخ طے کرنے پر اتفاق ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب سے گفتگو میں کہا 24 فروری کو جاپان کے دورے پر روانہ ہونا تھا‘ تاہم پلوامہ واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال گھمبیر ہو گئی۔ اس نازک صورتحال میں میری اپنے ملک میں موجودگی ضروری ہے۔ وزیرخارجہ نے بتایا جاپانی وزیرخارجہ سے گزارش کی ہے وہ اپنے وزیراعظم کو بھی ان حالات سے آگاہ کریں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو کشیدگی کم کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کا کہا ہے جبکہ جاپان نے بھی اس ضمن میں مو¿ثر کردار ادا کیا۔اے پی پی کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پولینڈ کے وزیر خارجہ یاسک چاپوویچ سے ٹیلفونک رابطہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیلفونک گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو پلوامہ واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں پیدا ہونے والی امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہندوستان کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات کے باوجود ہندوستان سے شواہد طلب کئے اور پلوامہ واقعہ کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پولش وزیر خارجہ سے درخواست کی پولینڈ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے خطے میں کشیدگی کم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور پولینڈ کے مابین باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری آف سٹیٹ برائے امور خارجہ ودولت مشترکہ جیریمی ہنٹ سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہا برطانیہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ہونے کے ناطے، ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب کو پلوامہ واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا۔ برطانوی سیکرٹری آف سٹیٹ فارن افیئر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ برطانیہ، خطے میں دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کم کرانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ جیریمی ہنٹ نے کہا ھندوستان اور پاکستان کو اپنے تصفیہ طلب تنازعات کے پر امن حل کیلئے مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہیے دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گےا ۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب میںکہا ہے مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے،بھارت نے پاکستان پر بری نظر ڈالی تو فوری بھرپور جواب ؒ دیا جائے گا، پاکستان سیاسی ، سفارتی، اخلاقی لحاظ سے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے ، ہم جنگ نہیں امن کے خواہاں ہیں ،بھارت امن کی طرف آئے گا تو ہم دو قدم بڑھائیں گے، بھارت آئے اور بات کرکے دیکھے اور جانے پاکستانی کتنے کشادہ ذہن لوگ ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 23مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے، وہ بطور مہمان خصوصی یوم پاکستان کی تقریبات میں شرکت کریں گے، جرمنی میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں پاکستان کا نقطہ نظر دنیا کے سامنے رکھا، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، بہادر افواج نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے افواج پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے ۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ایسا نہیں کہوں گا خطرہ ٹل گیا ہے مودی کی پارٹی کو 5 ریاستوں میں جو انتخابات میں شکست ہوئی ہے اس کی خفت مٹانے کیلئے جنونی قوتیں کچھ بھی کر سکتی ہیں۔ پاکستانی قوم کو گمراہ نہیں کروں گا بھارت سے جنگ کا خطرہ نہیں ٹلا۔ پلوامہ معاملے پر مختلف ممالک کے وزراءخارجہ سے رابطہ کرکے پاکستانی موقف سے آگاہ کیا ہم نے کرتار پور کے دروازے کھولے ہیں بھارت اپناذہن کھولے۔ مودی نے وزیراعظم کے بیان سے متعلق غلط بیان کی وزیراعظم زبان کے پکے ہیں لیکن انہوں نے مودی سے سے ایسا کچھ نہیں کہا پاکستان کو دھمکیاں دی گئیں ہم نے پیغام بھیجا حملہ کیا گیا تو جواب دیں گے جو امن اور سمجھداری کی بات کرے پاکستان اس کو خوش آمدید کہے گا۔

شاہ محمود قریشی

ای پیپر-دی نیشن