جنرل باجوہ‘ ائرچیف ملاقات‘ تیاری‘ کوآرڈینیشن پر اظہار اطمینان‘ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے : فوجی ترجمان
راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاریوں اور باہم کوآرڈینیشن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو پاک فضائیہ ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دور کیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور نے آپریشنل ماحول بشمول خطرات اور جوابی حکمت عملی کے امور پر غور و خوص کیا۔ دونوں چیفس نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاریوں اور باہم کوآرڈینیشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکواٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو آپریشنل صورتحال، تیاریوں پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔
جنرل باجوہ