بانی نوائے وقت حمید نظامی کی 57 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی
لاہور (نیوز رپورٹر) بانی نوائے وقت، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے بانی صدراور تحریک پاکستان کے فعال رہنماحمید نظامی مرحوم کی 57 ویں برسی گزشتہ روز عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ ان کی برسی ہر سال نہایت عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے اس حوالے سے مختلف شہروں اور ادبی ،صحافتی حلقوں میں حمید نظامی مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ان کی خدمات کا مکمل اعتراف کیا گیا ۔واضح رہے حمید نظامی مرحوم نے تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ہدایت پر پندرہ روزہ نوائے وقت کا اجراءکیا ۔اس وقت نوائے وقت نے ہندو پریس کے زہر آلودہ پروپیگنڈا کا مدلل جواب دینے کیلئے مسلمانوں کے جذبات کی حقیقی نمائندگی کی۔ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے پیروکار کی حیثیت سے انہوں نے نہ صرف تحریک پاکستان میں جاندار کردار ادا کیا بلکہ قیام پاکستان کے بعد بھی ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے نہ صرف اس دور کے مسلم لیگی حکمرانوں کے غیر جمہوری اقدامات کو چیلنج کیا بلکہ ایوب خان کے مارشل لاءکی بھی ڈٹ کر مخالفت کی۔ وہ 25 فروری 1962ءکو خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کا جاری کیا جانے والا پندرہ روزہ نوائے وقت اس وقت تک ایک شجردار درخت بن چکا تھا جسے انکے چھوٹے بھائی مجید نظامی مرحوم نے مزید ترقی دی اور آج نوائے وقت گروپ وقار اور فخر سے صحافت کی دنیا میں سر اٹھائے کھڑا ہے۔
حمید نظامی