قائد کا پاکستان؟
کراچی کی شکست وریخت سب کے سامنے ہے۔ متاثرین میں اکثریت معصوم لوگوں کی، جو انجانے میں لینڈ مافیاکے ہتھے چڑھ گئے۔ بہرحال یہ بڑوں کے کام ہیں اور بڑوں کے درمیان ہمارے کہنے سے کچھ بھی ہونے والا نہیں، سوائے شک شوئی کے۔ انہیں حالات کا شکار، ’’ایک پاکستانی‘‘ جو اس قدرمجبور کہ نام بھی ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔ لکھتے ہیں کنبہ بھارت سے ہجرت کر کے پاکستان آیا۔ تو میں دو برس کا تھا۔ ماں باپ شہید ہوگئے۔ چچی نے پالا۔ بچپن اور جوانی فٹ پاتھ پرگزری پھرجمع پونجی سے گھروندا بنا لیا۔ تسلیم کہ زمین کراچی سرکلر ریلوے کی ہے۔ مگر ہمیں تو یہی بتایا گیا تھا کہ اسے بچے کھچے مہاجرین کے لئے مختص کر دیا گیا ہے۔ ایک بار پھر فٹ پاتھ پر ہوں۔ مگر اس بار پورے کنبے کے ساتھ جس میں بہو بیٹیاں بھی ہیں۔ اخبار میں پڑھا ہے کہ ہماری جھونپڑیاں گرانے والوں نے سپر ایلیٹ کی اسلام آباد میں خلاف قانون بنی کانسٹی ٹیوشن ون بلڈنگ کو ریگولرائیز کر دیا ہے۔ کیا یہی ہے قائد کا پاکستان، جناب!