• news

پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار، بھارت سے سنوکر مقابلوں کی میزبانی چھن گئی

لاہور (سپورٹس رپورٹر)بھارت کو اپنے انتہا پسندانہ رویے پر ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو ایشین سنوکر ٹورنامنٹ کے لیے ویزا جاری نہ کرنے پر بھارت سے ایونٹ کی میزبانی واپس لے لی گئی ہے۔10ریڈز ایشین ٹور سنوکر ٹورنامنٹ کو مارچ کے آخری ہفتے میں بھارت میں کے شہر بنگلورمیں منعقد ہونا تھا لیکن بھارتی منتظمین نے پاکستانی سنوکر کیوسٹس کو ویزا کی فراہمی کے لیے حوالے سے یقین دہانی کرانے سے انکار کردیا۔ایشین حکام نے اس حوالے سے کئی مرتبہ منتظمین سے رابطہ کیا لیکن وہ ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے کوئی بھی یقین دہانی نہ کرا سکے۔ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈ سپورٹ نے پاکستانی کیوسٹس کو ویزا نہ دینے پر بھارت سے میزبانی واپس لیتے ہوئے ایونٹ کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا۔ایونٹ میں شریک ہونے والے 24 میں سے 6 کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان سے تھا جس کے لیے پاکستان نے ویزا کے لیے درخواست نہیں دی تھی لیکن ایشین سنوکر کنفیڈریشن نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے بھارت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے کی گارنٹی طلب کی تھی لیکن انہوں نے دینے سے انکار کردیا جس پر ایونٹ کو ملتوی کرنا پڑا۔پاکستان سنوکر فیڈریشن کے صدر منور شیخ نے ایونٹ کے التوا اور بھارت سے میزبانی واپس لینے کی خبر کی تصدیق کی۔پلوامہ حملے کے بعد سے بھارت کی جارحیت میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس نے اپنی روش کر برقرار رکھتے ہوئے کھیلوں کی سرگرمیوں پر اثرانداز ہو کر پاکستانی کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت سے روک دیا۔یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں کو کھیلوں کے مقابلے کے لیے ویزا دینے سے انکار کیا ہو بلکہ پڑوسی ملک نے گزشتہ دنوں شوٹنگ ورلڈ کپ کے لیے دو پاکستانی شوٹرز کو ویزا دینے سے انکار کردیا تھا۔اس کے بعد انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن نے مذکورہ ایونت سے اولمپکس کوالیفائر کا درجہ واپس لیتے ہوئے بھارت کو مستقبل کے تمام عالمی ایونٹس کی میزبانی سے محروم کردیا تھا اور دیگر کھیلوں کے عالمی اداروں سے بھی مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارت کو دی گئی میزبانی واپس لے لیں۔

ای پیپر-دی نیشن