• news

توقع ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کسی جنگ میں تبدیل نہیں ہو گی‘ عرب سفارتکار

اسلام آباد (جاوید صدیق) آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن کی طرف سے آسٹریلیا کا یوم بہار منانے کے لئے دیا گیا استقبالیہ پاک بھارت تعلقات اور بھارتی جارحیت پر گفتگو اور تبصرہ کا پلیٹ فارم بن گیا۔ عرب ملکوں کے سفارت کار جو وزارت خارجہ میں دی گئی ایک بریفنگ میں شرکت کے بعد استقبالیہ میں آئے تھے آپس میں ایک کونے میں صلاح مشورے کرتے رہے۔ ایک سینئر عرب سفارت کار سے جب نوائے وقت نے استفسار کیا کہ بھارت کی اس جارحانہ حرکت پر اس کا کیا ردعمل ہے تو عرب سفارت کار نے کہا کہ ہم ایک شارٹ نوٹس پر وزارت خارجہ کی بریفنگ میں شرکت کرنے آئے تھے اور آپس میں اس بریفنگ پر مشورے کر رہے ہیں۔ سفارت کار سے پوچھا گیا کہ ان کے خیال میں پاک بھارت کشیدگی بڑھ کر جنگ میں تبدیل تو نہیں ہو گی تو سفارت کار نے کہا کہ توقع ہے کہ ایسا نہیں ہو گا۔ رومانیہ کے سفیر نے نوائے وقت کے استفسار پر بتایا کہ میرے خیال میں پاکستان اور بھارت میں مکمل جنگ کے امکانات نہیں ہیں لیکن سرحدی جھڑپیں ہو سکتی ہیں۔ ایک امریکی سفارت کار کا کہنا تھا کہ بھارتی ائرفورس کی دراندازی پر کوئی ردعمل واشنگٹن ہی دے گا۔ امریکی سفارت خانہ تبصرہ نہیں کرے گا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اپنے خطاب میں توقع ظاہر کی کہ خطے میں امن ہو گا اور کشیدگی نہیں ہو گی۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے وہ امن پسند ملک ہے۔ لیکن وہ جارحیت کا مقابلہ کرے گا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر کے استقبالیہ میں جہاں آرٹ کی نمائش بھی ہو رہی تھی اور میوزک شو بھی تھا گفتگو کا موضوع بھارتی جارحیت اور پاک بھارت تعلقات رہے۔

ای پیپر-دی نیشن