• news

گیس صارفین کو اوور بلنگ کی مد میں رقم واپس ، ذمہ داروں کیخلاف کاروائی کی جائے : وزیراعظم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے 30 فیصد گیس صارفین سے زائد بلنگ کے ذریعے وصول کی جانے والی رقم واپس کرنے کی ہدایت کردی۔ اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت گیس بلوں میں اضافے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں عمران خان کو انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ پیش کردہ انکوائری رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوئی کہ 30 فیصد گیس کے صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن 30 فیصد صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے ان کو وصول شدہ تمام اضافی رقم واپس کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ زائد بلنگ کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ 22 فروری کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گیس کے بلوں میں اضافہ عوام پر زیادتی قرار دیا تھا جس کے بعد اپوزیشن اراکین نے ایوان میں گیس کے بل پھاڑ کر پھینک دئیے تھے۔ 19 اکتوبر کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں سمیت کمرشل صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اضافہ کردیا تھا۔ رہائشی کالونیز، کیپٹو پاور پلانٹ، فلاحی اداروں، سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، مسلح افواج کے میس، یونیورسٹیز، کالجز، سکولوں اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز میں 3 ہزار 6 سو روپے کا اضافہ کردیا گیا تھا۔ ان تمام اداروں کے صارفین کے لیے گیس کے ماہانا فکسڈ چارجز ایک ہزار 53 روپے سے بڑھا کر 4 ہزار 680 روپے کئے گئے۔ 28 اگست 2018 کو گیس فراہم کرنے والی 2 کمپنیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین پر ڈالا جائے تا کہ ایک سو 23 ارب ڈالر کے گردشی قرضوں کو کم کیا جاسکے۔ دریں اثناءوزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترسیلات زر سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پہلے نیشنل چیلنجز لنک کے قیام کی اصولی منظوری دیدی گئیل اعلامیہ کے مطابق گورنر سٹیٹ بنک نے بیرون ملک ترسیلات زر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ میں بتایا کہ رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں ترسیلات زر میں اضافہ ہوا۔ توقع ہے رواں مالی سال 22 ارب کا مقررہ سالانہ ٹارگٹ آسانی سے پورا کیا جا سکے 6 ایم والٹ سکیم، ریمیٹس پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ سے ترسیلات زر میں بہتری آئی حوالہ ہنڈی کی حوصلہ شکنی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ترسیلات زر کیلئے نیشنل بنک کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن