• news

سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ، شاہ محمود کا پومپیو کو فون: جہاں سشما ہونگی نہیں جاﺅنگا ، او آئی سی میں بھارت کو بلانے پر احتجاج

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کو ٹیلیفون کرکے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرکے بھارتی فضائیہ کی جارحیت سے آگاہ کردیا۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے مائیک پومپیو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے کہا کہ بھارت سیاسی مقاصد اور انتخابات کے لئے جنوبی ایشیا کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے لیکن پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے عزائم کے حوالے سے دنیا کو پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے اور پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان نے بھارتی دھمکیوں کے باوجود انتہائی ذمے دارانہ رویہ اختیار کیا۔ بھارتی جارحیت سے افغانستان میں قیام امن کے لئے کی جانے والی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ بھارت یہ جارحانہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکہ اس سلسلے میں اپنا کردارادا کرے گا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں متعین سفارتی برادری کو بھارتی جارحیت کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ پاک فضائیہ نے چار سے چھ بھارتی طیاروں کو موثر طریقے سے روکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ کے امن کیلئے پرعزم ہے لیکن اپنی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور نہ ہی کشمیریوں کی جائز حمایت سے دست بردار ہو گا۔ علاوہ ازیں اپنے پالیسی بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ قوم کو بھارتی اقدام پر پریشان نہیں ہوناچاہیے کیونکہ ملک کادفاع کرنیوالے ا±س کی کسی بھی مہم جوئی کابھرپورجواب دینے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ بھارت کواحساس ذمہ داری کامظاہرہ کرناچاہیے۔ بھارت نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی اور پاکستان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کیا ہے۔ پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔ دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی اجلاس میں بھارت کو دعوت دینے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی بھارتی جارحیت کی مذمت کرے موجودہ حالات میں بھارت کو او آئی سی اجلاس میں مدعو کرنا گوارا نہیں۔ بھارت پاکستان میں دراندازی اور کشمیر میں مظالم کر رہا ہے او آئی سی دیگر رکن ممالک کو بھی مذمت کرنے کا کہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد کو ٹیلی فون کرکے مذمت کی شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل او آئی سی نے خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کو دیا گیا دعوت نامہ واپس نہ لیا گیا تو پاکستان او آئی سی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔ بھارت نے جارحیت اور ایک قسم کا حملہ کیا ہے۔ بھارت کے دعوﺅں کی قلعی کھل گئی ہے۔ کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہمیں مناسب وقت پر مناسب جواب دینا ہے۔ میں نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو فون کرکے بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے پر احتجاج کیا ہے۔ میں نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کا کہا ہے۔ جس اجلاس میں سشماسوراج ہوں گی میں اس میں نہیں جاﺅں گا۔

ای پیپر-دی نیشن