• news

بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر کی طلبی ، جھوٹے دعوے مسترد ،بھرپور جواب دینگے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ آئی این پی) پاکستان نے بھارتی جارحیت پر قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر گورو الہووالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کروا دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وقت صبح 2 بج کر 54 منٹ پر بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جس پر وزارت خارجہ نے قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا۔ پاکستان نے اپنے احتجاج میں بھارتی ہائی کمشنر کو واضح کیا کہ مناسب وقت پر بھارت کو اس دراندازی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کو ایک احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ سیکرٹری دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی دراندازی سے خطے میں امن اور استحکام کی صورتحال بگڑنے کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ قائم مقام سیکرٹری دفتر خارجہ نے پلوامہ حملے میں پاکستان کی سرزمین استعمال ہونے کے بھارتی الزام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کے باسیوں کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت کی طرف سے دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنانے کے جھوٹے دعو¶ں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی ضروریات کی وجہ سے بھارت خطہ کے امن کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد برائے حق خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن