• news

بھارتی جارحیت ناقابل قبول، مقابلے کیلئے تیار ہیں: صدر ، وزیر اعظم آزاد کشمیر

جدہ (آن لائن) صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی سخت مذمت کرتے کہا ہے کہ یہ ایک کھلی جارحیت ہے، جس کا پاکستان بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔ اپنے ایک بیان میںکہا کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنی سرزمین کے تحفظ اور اس جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا مکمل حق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاک فضائیہ کی جانب سے بروقت کارروائی قابل تحسین ہے جس نے بھارت کی اس ناپاک کوشش کو ناکام بنایا۔ صدر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری طور پر اس واقعہ کا نوٹس لے اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ دریں اثناءوزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی طیاروں کی ایل او سی کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عالمی برادری بھارت کا جنگی جنون دیکھ لے، بزدل بھارت رات کی تاریکی میں چھپ کر وار کرنے کی کوشش کرتا ہے، ہم مقابلہ کیلئے تیار ہیں جس طرح پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو بھگایا وہ قابل داد ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیری عوام ذرہ برابر خوفزدہ نہیں ہیں، 45 لاکھ کشمیریوں کی لاشوں پر سے گزر کر ہی کوئی پاکستان تک پہنچے گا۔ آزادکشمیر کے عوام بھارت کا جنگی جنون کئی مرتبہ دیکھ چکے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے، کشمیریوں نے بھی ٹھان لی ہے وہ بھارتی فوج کو سرینگر سے بھگا کر دم لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن