• news

دراندازی کی مذمت بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے : او آئی سی

جدہ، اسلام آباد (شفقت علی، نیشن رپورٹ، نوائے وقت رپورٹ) اسلامک تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں خونریزی بند کرے۔ تنظیم نے تمام ایشوز حل کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش قابل تعریف قرار دیتے ہوئے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اظہار تشویش کیا اور خطے میں فوری طور پر تنا¶ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ او آئی سی رابطہ گروپ کا ہنگامی اجلاس جدہ میں ہوا۔ صدر آزادکشمیر مسعود خاں نے اجلاس کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں بریفنگ دی۔ دونوں فریق ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موجودہ صورتحال کو طاقت کے استعمال کے بغیر ہی پرامن حل نکالنے کی کوشش کریں۔ او آئی سی نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور بم پھینکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں اور خطے کا امن خراب کرنے والے اقدامات اُٹھانے سے گریز کریں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں، وزیر اعظم نے پہلی تقریر میں بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی،جنگ اور جنگی جنون مسائل کا ہرگز حل نہیں، بھارت پاکستان کے خلاف اپنی عوام کی نفرت کو ہوا دے رہا ہے، ہمیشہ خواہش رہی کہ بھارت تمام معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرے۔ تہمینہ جنجوعہ نے جدہ میں آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں آپس کے اختلاف مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں، جنگ اور جنگی جنون مسائل کا ہرگز حل نہیں۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نہ تو او آئی سی اور نہ ہی انسانی حقوق اداروں کی بات سننے کو تیار ہے۔ بھارت ہر روز مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف اپنی عوام کی نفرت کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے اور اس نے دراندازی بھی کی۔ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی ممالک اور اقوام متحدہ بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے، دنیا بھارت کے جنگی جنون پھیلانے کا سخت نوٹس لے۔ پاکستان کی فوج مضبوط ہے کبھی جنگ کو مسائل کا حل تصور نہیں کیا۔ ہمیشہ خواہش رہی کہ بھارت تمام معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرے۔

ای پیپر-دی نیشن