ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
دبئی (نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈکو 6وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی دوسری کامیابی حاصل کرلی ۔دبئی سپورٹس سٹی میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز کے باؤلرز حریف ٹیم پر ابتدا سے ہی چھائے رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کسی بھی کھلاڑی کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔کیمرون ڈیلپورٹ 4 رنز بنا کر پہلے ہی اوور میں محمد الیاس کا شکار بنے۔لیوک رونکی نے سکور کو 34 رنز تک پہنچایا لیکن اس مقام پر صاحبزادہ فرحان نعمان علی کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔سکور 42 تک ہی پہنچا تھا کہ لیوک رونکی گیند کو باؤنڈری کے باہر پہنچانے کی کوشش کرتے ہوئے محمد الیاس کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔تاہم وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا‘سمیت پٹیل کی 20، آصف علی کی 22 اور فہیم اشرف کی 16 رنز کی مزاحمت کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ17.4اوورز 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی‘سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ڈینیئل کرسچن نے 3، شاہد آفریدی، نعمان علی اور محمد الیاس نے 2، 2 جبکہ محمد عرفان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ملتان سلطانز کا شاندار آغاز ہوا، جہاں جیمز وینس اور عمر صدیق نے ٹیم کو 7 اوور میں 54 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔جیمز وینس 28 رنز بنانے کے بعد سمیت پٹیل کی گیند پر 54 کے سکور پر آؤٹ ہوئے تو جانسن چارلس 4 رنز بنانے کے بعد شاداب کی گیند پر 59 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔کپتان شعیب ملک نے اوپنر عمر صدیق کے ہمراہ 40 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے پی ایس ایل میں ٹیم کے لیے دوسری فتح کو یقین بنادیا۔عمر صدیق 99 کے سکور پر 46 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، تاہم ان کی وکٹ سے ملتان سلطانز کی فتح کی جانب پیش قدمی متاثر نہیں ہوئی۔کپتان شعیب ملک نے ڈینیئل کرسچن کے ہمراہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرواتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر 2 اہم پوائنٹس دلوادیے۔ڈینئیل کرسچئن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔