• news

قومی بلائینڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ، کرکٹرز ہمارے ہیرو ہیں: جانباز خان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سری لنکا میں متعین پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جانبازخان نے کہا ہے کہ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں اوریہاں پاکستانیوں کو نہایت عزّت اورقدر کی نگا ہ سے دیکھا جاتا ہے کھیلوں کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب لایا جاسکتا ہے پاکستانی بلائنڈ کرکٹر زہمارے ہیرو ہیں سری لنکا کیخلاف وائٹ واش ہمارے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کاواضح ثبوت ہے ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ہائی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے دورے پرآئی ہوئی پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میںدی گئی استقبالیہ تقریب خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سیّدسلطان شاہ، ہائی کمیشن کے پریس اتاشی انتصار احمدسلہری، قومی ٹیم کے منیجر سیّدسلمان بخاری، میڈیا منیجر آصف عظیم،ہیڈ کوچ محمدجمیل،کپتان نثار علی، کھلاڑی ودیگرآفیشلزبھی موجود تھے ۔ڈپٹی ہائی کمشنر جانباز خان نے کہا کہ بینائی سے محروم ہمارے کھلاڑیوں نے عالمی کرکٹ کے میدانوںمیں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے سری لنکا کیخلاف حالیہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر ہم سب کو فخر ہے میں امید کرتا ہوں کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی میچزکی سیریز میں بھی اپنی پرفارمنس سے قوم کو خوشیاں دے گی ۔پی بی سی سی کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے استقبالیہ تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن سرزمین پر اپنے گھر آکر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں یہاں آکر کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کاشمار دنیا کی صف اوّل کی ٹیموں میں ہوتا ہے اور ہمارے ڈومیسٹک سسٹم کو دنیائے بلائنڈ کرکٹ میں سب سے بہتر اور فعال تسلیم کیا جاتا ہے آخر میں پی بی سی سی کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے ڈپٹی ہائی کمشنر جانبازخان کو پاکستانی کھلاڑیوں کی دستخط شدہ شرٹس کا سوینیئر پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن