آئی سی سی نے جے سوریا پر 2سال کی پابندی عائد کردی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرپشن کے حوالے سے تحقیقات میں تعاون سے انکار پر سابق سری لنکن کپتان سنتھ جو سوریا پر دو سال کی پابندی عائد کردی۔سنتھ جے سوریا اکتوبر 2020تک کرکٹ کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔گزشتہ سال اکتوبر میں آئی سی سی نے جے سوریا پر اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا جہاں ان پر الزام تھا کہ انہوں نے انسداد کرپشن یونٹ سے تعاون کر نے سے انکار کردیا۔ان پر اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ دستاویز یا معلومات کو ضائع یا اس تبدیلی کر کے تفتیش کی راہ میں رکاوٹ بننے کا بھی الزام ہے۔آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ان سے ان کا موبائل دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن انہوں نے تفتیش میں تعاون کے لیے وہ دینے سے انکار کردیا جس کے ایک بعد ان پر فرد جرم عائد کی گئی۔اس موقع پر 1996کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن جے سوریا نے کہا تھا کہ وہ ہمیشہ شفاف طریقے سے کھیل سے جڑے رہے اور کبھی بھی میچ فکسنگ یا پچ فکسنگ سمیت کسی بھی قسم کی کرپشن کی سرگرمی کا حصہ نہیں رہے۔جے سوریا پر فوری طور پر پابندی لگا دی گئی ہے اور وہ آئندہ دو سال تک کرکٹ کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، پابندی کا اطلاق گزشتہ سال 15اکتوبر 2018سے ہو گا۔