• news

پاکستان سپر لیگ فور‘ لاہور میں میچز کے انتظامات کیلئے قذافی سٹیڈیم میں اجلاس

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں میچز کے انتظامات کے حوالے سے قذافی سٹیڈیم میں اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کی جبکہ اس موقع پر ڈی سی لاہور صالحہ سعید، پی سی بی آفیشیلز، ایس پی ٹریفک، ایس پی سکیورٹی لاہور فیصل شہزاد سمیت ٹیپا، ریسکیو، پی ایچ اے، پروٹوکول، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، سوئی گیس، واپڈا، محکمہ صحت و دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 2019 کے لاہور میں میچز میں واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیکٹرز سے ابتدائی چیکنگ ہو گی۔ تین سطحی سکیورٹی چیکپ لگایا جائیگا۔ ٹیموں کی جائے رہائش اور سٹیڈیم میں 20 بیڈز کا عارضی ہسپتال قائم ہوں گے۔ سیف سٹی کے علاوہ مزید اضافی سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے۔ مرکزی مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قذافی سٹیڈیم کے قریب قائم کیا جائے گا۔ بارش کی صورت میں سٹیڈیم کے گرد نکاسی آب کا مکمل نظام فعال ہو گا۔پنجاب یونیورسٹی گراونڈ، جام شیریں پارک اور برکت مارکیٹ، لبرٹی پارک اور ایل ڈی اے پلازا میں پارکنگ قائم ہو گی۔ پارکنگ ایریاز تا سٹیڈیم فری شٹل سروس فراہم کی جائیگی۔ لاہور کے پانچ بڑے ہسپتال ہائی الرٹ پر رہیں گے۔ کسی تعلیمی ادارے کو انتہائی ضرورت کے تحت ہی بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن