واپڈا سائیکلنگ ٹیم کے کوچ سابق انٹرنیشنل سائیکلسٹ عامر وزیر انتقال کر گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان واپڈا سائیکلنگ ٹیم کے کوچ سابق انٹرنیشنل سائیکلسٹ عامر وزیر انتقال کر گئے۔ عامر وزیر کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ مرحوم کو سوگواروں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں لاہور کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ عامر وزیر پاکستان سائیکلنگ کے سب سے پہلے اولمپیئن وزیر علی کے فرزند، سابق انٹرنیشنل سائیکلسٹ اور نیشنل بنک کے منیجر فرخ وزیر کے چھوٹے بھائی تھے۔ مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کل ٹاون شپ میں واقع مرحوم کی رہائشگاہ پر بعد از نماز ظہیر منعقد ہوگی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ، پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر معظم خان کلیئر اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے عامر وزیر کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔