• news

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے دی

دبئی (نمائندہ سپورٹس )متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ نے کراچی کنگز کو شکست دیدی ۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔نیپال سے تعلق رکھنے والے قلندرز کے سپنر سندیپ لیما چانی نے جادوئی گیندوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین کو گھما کر رکھ دیا۔گلیڈی ایٹرز کے احسن علی ایک جانب سے رنز بناتے رہے لیکن وکٹ کی دوسری جانب سندیپ لیما چانی سرفراز الیون کے بڑے کھلاڑیوں کو یکے بعد دیگرے پویلین بھیجتے رہے۔لیما چانی کی گیند پر پہلے شین واٹس 7 رنز بنانے کے بعد 33 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس کے بعد 43 کے سکور پر 8 رنز بنانے کے بعد ریلی روسو ڈیوڈ ویزے کو کیچ دے بیٹھے جبکہ 45 کے سکور پر ایک رنز بنانے والے عمر اکمل بولڈ ہوگئے۔لیما چانی نے اپنی چوتھی وکٹ دانش عزیز کو آؤٹ کرتے ہوئے لی اور اپنے 4 اوور کے سپیل میں 10 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔احسن علی دوسری جانب مزاحمت کرتے نظر آئے لیکن 33 رنز بنانے والے بیٹسمین کی مزاحمت 53 کے مجموعے پر اس وقت دم توڑ گئی جب وہ رن آؤٹ ہوئے۔کپتان سرفراز احمد کے 29 اور محمد نواز کے 12 رنز کی بدولت ٹیم 106 کے مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی، تاہم لاہور قلندرز نے اپنی نپی تلی باؤلنگ کے بدولت انہوں نے گلیڈی ایٹرز کو 106 رنز پر ڈھیر کردیا‘8کھلاڑی ڈبل فگرمیں بھی داخل نہ ہوسکے۔لاہور قلندرز کے سندیپ لیما چانی کی 4 وکٹوں کے علاوہ حارث رؤف نے 2 جبکہ یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔لاہور قلندرز نے ہدف 2وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا ۔کپتان فخر زمان اور گوہر علی اکیس رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ حارث سہیل 33اور اے بی ڈویلیئرز 47رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ محمد حسنین اور گورنے نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ لیما چانی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ لاہور قلندر کے سکواڈ میں تبدیلی کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز کی بجائے فخر زمان قلندرزکو سونپی گئی۔دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کنگز نے 6وکٹوں پر168 رنز بنائے۔ کولن منرو 23 رنز پر مونرو چار رنز بناکر رمان رئیس کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ لیونگ سٹون نے بابراعظم نے سکور 101رنز تک پہنچایا، لیونگ سٹون 31 گیندوں پر 4چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 50گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 68رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کولن انگرام 13 رنز بناکر رمان رئیس کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ڈنک اور عماد وسیم بالترتیب 12 اور 2 رنز بناسکے۔عامر یامین صرف تین جبکہ محمد عامر 6 کے سکور پر رن آوٹ ہوئے۔ رومان رئیس نے تین‘ فہیم اشرف، شاداب خان اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آباد نے 169 رنز کا ہدف 19 اعشاریہ 2 اوور زمیں پانچ وکٹوں پرپورا کرلیا ۔آصف علی 70، فل سالٹ 46، اوپنر لیوک رونکی 26، کیمرون ڈیلپورٹ صفر جبکہ حسین طلعت 1 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔عمر خان نے 2 جبکہ محمد عامر، عماد وسیم اور عثمان شنواری کے حصہ میں ایک ایک وکٹ آئی۔آصف علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن