پی سی بی کا انڈر 19 ٹیم کی باگ ڈور یونس خان کو سونپنے پر غور
دبئی (نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی کمانڈ سابق کپتان یونس خان کو سونپنے پر غور شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو انڈر 19 ٹیم کا ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ سپنر ندیم خان کو منیجر بنانے کی تجویز ہے۔یونس خان کیساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بات چیت ہوئی ہے۔ یونس خان اپنی شرائط پر جونیئر ٹیم کے لیے کام کرنے کیلئے رضامند ہیں۔2018 میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ منصور رانا اس وقت پاکستانی ٹیم کے اسٹنٹ منیجر ہیں تاہم پی سی بی یونس خان کو جونیئر ٹیم کا نگراں بنا کر چاہتا ہے کہ گراس روٹ سے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو پالش کیا جائے۔پی سی بی انتظامیہ نے پاکستان کی جونیئر ٹیموں کے کئی دوروں کا بھی انتظام کیا ہے۔ یونس خان اپنے سخت گیر مؤقف اور مزاج کی وجہ سے کرکٹ کے حلقوں میں شہرت رکھتے ہیں۔اگر ان کے ساتھ پی سی بی کی ڈیل کو حتمی شکل دے دی گئی تو وہ پہلے بڑے کھلاڑی ہوں گے جو پاکستان کی جونیئر ٹیم کی باگ دوڑ سنبھالیں گے۔عام طور پر بڑے کھلاڑی پاکستان کی سینئر ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہیں اور جونیئر ٹیم کی طرف بڑے کھلاڑیوں کا رجحان کم کم ہوتا ہے۔