مستحق خواتین، بچوں بزرگوں کیلئے خصوصی پراجیکٹس کی منظوری ، جان و مال کا تھفظ بنیادی ذمہ داری : عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور صوبے کے عوام کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ امن عامہ کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہرممکن اقدام کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے کیونکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ۔ ضلع اور ڈویژن کی سطح پر امن وامان کے حوالے سے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں ۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلی آفس میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس ہوا،جس میں مستحق خواتین، بچوں اوربزرگوں کی فلاح وبہبود کے لئے خصوصی پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مستحق خواتین، ضرورت مند بچوں اور بے آسرا بزرگوں کی فلاح و بہبود کو مقدم سمجھتی ہے اور اس مقصد کیلئے سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ بتایا گیا کہ سہولت دینے کیلئے ای خدمت مراکزپر ون ونڈوویلفیئر کاؤنٹرزبنائے جائیںگے، جن کے ذریعے مستحق خواتین، بچوں اور بزرگوں کو سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی سروسز فراہم کی جائیںگی۔اجلاس میں 65سال سے زائد عمر کے بزرگوں کیلئے ’’باہمت بزرگ ‘‘پروگرام شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا اور اس پروگرام کے تحت 65 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کو ماہانہ پنشن دینے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ 65سال سے زائد عمر کے بزرگوں کیلئے پروگرام کو جلد حتمی شکل دی جائے- اجلاس میں خصوصی افراد کیلئے ’’ہم قدم ‘‘پراجیکٹ شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ عدالت عظمی کے احکامات کے مطابق خواجہ سرا ئوں کی فلاح وبہبود کیلئے خصوصی پراجیکٹ شروع کیا جائے گا اور خواجہ سراء بچوں کیلئے تعلیم،مفت علاج،سکریننگ،قانونی و نفسیاتی مشاورت اورشیلٹر فراہم کئے جائیںگے۔ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی نے ٹی وی پروگراموں میں خواجہ سرائوں کا مذاق اڑانے پر پابندی کیلئے پیمراکوتحریری درخواست دیدی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار نئی سوشل پروٹیکشن پالیسی لائی جائے گی جس کا مقصد معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ غربت کے خاتمے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے، عثمان بزدار نے فیصل آباد میں نوجوان پر تشدد کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ شہری دفاع کے ذمے زمانہ امن اور جنگ ہر دو صورتوں میں شہریوں کی حفاظت جیسا عظیم کام ہے۔