پشاور زلمی نے ملتان سلطانز، کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی
دبئی (نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانزجبکہ کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی ۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز کے عمر صدیق اور جیمز وینس نے 38 رنز کا آغاز فراہم کیا۔عمر صدیق 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جانسن چارلس 57 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔جیمز وینس 41 رنز بناکررن آؤٹ ہوگئے۔ کپتان شعیب ملک کے ناقابلِ شکست 28 اور ڈینیئل کرسچن کے 18 رنز کی بدولت ملتان سلطانز 5 وکٹوں پر 172 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔حسن علی ‘ڈاسن اور عمید آصف نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ پشاور زلمی کو آندرے فلیچر اور امام الحق نے 34 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم 24 رنز بناکر فلیچر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کامران اکمل35 کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔امام الحق اور عمر امین نے سکور 85 تک پہنچایا ‘ امام الحق 39 رنز بناکر سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔کیرون پولارڈ ایک مرتبہ پھر ملتان سلطانز کی جیت کے آڑے آئے جنید خان کو 17ویں جبکہ ڈینیئل کرسچن کو 18 ویں اوور میں بالترتیب ایک اور 3 چھکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔کیرون پولارڈ نے 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 52 رنز بنائے جبکہ عمر امین نے 6 چوکوں کی مدد سے 52 رنز سکور کیے ۔ پشاور زلمی نے ہدف تین وکٹوں پر پورا کرلیا ۔محمد عرفان ‘محمد الیاس اور شاہد آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔کیرن پولارڈ کو میچ کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان وکٹ پر مشکلات میں گھرے ہوئے دکھائی دیے، تاہم حارث سہیل کے ہمراہ 37 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور 7ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔حارث سہیل 20 رنز بناکربولڈ ہوگئے۔ کوری اینڈرسن22رنز بناکر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ اے بی ڈی ویلیئرز 31 رنز بناکر چلتے بنے۔سہیل اختر نے 29 رنز بنا کر ٹیم کے کے سکور کو 5 وکٹوں پر 133 رنز تک پہنچا دیا۔افتخار احمد نے 2 ‘ عماد وسیم، عمر خان اور محمد عامر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں کراچی کنگز کے کولن منرو 15 رنز بناکرکیچ دے بیٹھے۔بابر اعظم 11 رنز بناکر بولڈ ہوگئے ۔لیام لیونگسٹن اور کولن انگرام نے 50 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کو دباؤ سے نکال کر جیت کی جانب گامزن کیا۔انگرام 12 رنز بنا کر بولڈ ہوئے تو 84 کے سکور پر یاسر شاہ نے 38 رنز بنانے والے لیونگسٹن کو بھی پویلین کی راہ دکھادی۔افتخار احمد نے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح کے ساتھ 2 اہم پوائنٹس دلوادیے اور انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔کراچی کنگز نے ہدف پانچ وکٹوں پرپورا کرلیا ۔