بالا کوٹ میں درخت گرانے پر اقوام متحدہ میں شکایت درج کرائیںگے: امین اسلم
اسلام آباد (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) پاکستان بالا کوٹ میں درخت گرانے پر بھارت کیخلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج کرائے گا۔ وزیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا کہ بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کیخلاف اقوام متحدہ سے رجوع کریں گے۔ بھارت سے ایک ایک درخت کا حساب لیں گے۔ کسی بھی صورت درختوں کو نقصان پہنچانا دہشت گردی ہے۔ بھارتی حملے سے سنگین نقصان ہوا ہے۔ چیر کے درجنوں درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔ درختوں کے نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد اقوام متحدہ جائیں گے۔ ملک امین اسلم نے وزیراعظم عمران خان نے جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے درست فیصلہ قرار دیا ہے۔ پاکستان کا او آئی سی کے فورم میں بھارتی وزیر خارجہ کی موجودگی میں نہ جانے کا فیصلہ درست ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔ جنگیں مسائل کا حل نہیں نکالتیں۔ اس سے دونوں اطراف کے عوام کو نقصان ہو گا۔