• news

فوج کی حمایت ، بھارتی جارحیت کیخلاف مظاہرے ، ریلیاں’’یوم دفاع و جہاد‘‘ منایا گیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار، سپیشل رپورٹر، نیوز رپورٹر) ملک بھر میں فوج کی حمایت اور بھارتی جارحیت کیخلاف ملک گیر مظاہرے، ریلیاں نکالی گئیں۔ یوم دفاع پاکستان یوم الجہاد اور یوم مذمت بھارت منایا گیا۔ جمعہ کے اجتماعات میں بھارت کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ پاک افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف مظاہرے کئے۔لاہور سمیت ملک بھر میں ضلعی ہیڈکواٹرز میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور دفاع پاکستان کے حوالے سے افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں۔ لاھور پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی (ف)کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانامحمدامجدخان نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور اس کے شاہینوں نے ڈرپوک انڈین فوج کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ریلی کی قیادت مولانامحمد امجد خان،مفتی عزیز الرحمن،حافظ اشرف گجر،مفتی عبد الحفیظ ،صاحبزادہ فصیح الدین سیف،جمال عبدالناصر محمدافضل خان،بلال میر،قاری عمران،حاجی منظور آفریدی،حافظ عبدالصمد قاری حفیظ،مولانا سلیم اللہ قادری، حافظ نصیر احرار،حافظ غضنفر عزیز،قاری حنیف سومرو اور دیگر نے کی۔جمعیت علماء پاکستان(نورانی) کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’یوم دفاع پاکستان‘‘منایا گیا۔ ملک بھر میں جلسے اور جلوس منعقد کیے گئے۔علمائاور خطباء نے خطبات جمعتہ المبارک میں بھارت کے جارحانہ عزائم اورپاکستان کی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی حکومت کوبھرپور آئینہ دکھایا۔اس سلسلہ میں جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر ،سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر ،سید صفدر حسین شاہ ،ڈاکٹر جاوید اعوان،حافظ نصیر احمد نورانی ،مفتی تصدق حسین ،احفاظ الکریم خان برکی، سید شاہد حسین گردیزی ،محمد ایوب مغل،رشید احمد رضوی ،ملک محبوب الرسول قادری ،محمد ارشد مہر،مولانا محمد سلیم اعوان، قاری خلیل مہروی،حافظ لیاقت علی نے لاہور اور دیگر رہنمائوں نے مختلف شہروں میں خطاب کیالاہورگلبرگ میںفردوس مارکیٹ تا لبرٹی مارکیٹ منعقدریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنی مسلح افواج اور حکومت کے ساتھ ہے بھارت نے اپنی غلطی کا خمیازہ بھگت لیا ہے وزیر اعظم عمران خان نے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند اور بھارت کو رسواء کر دیا ہے۔جمعیت علماء پاکستان کے دفتر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی،حیدر آباد،سکھر،راولپنڈی، ملتان،فیصل آباد،پشاور،سیالکوٹ،گجرات،رحیم یار خان میں مولانا محمد سلیم سعیدی،علامہ سید عقیل انجم قادری ،ڈاکٹر محمد یونس دانش ،محمد بلال خان برکی ،علامہ ابویاسر اظہر حسین فاروقی،ملک محمد جاوید چشتی ،صاحبزاد اخلاق جلالی، حافظ عبدالرشید سلطانی،راجہ فاروق اعظم سمیت مرکزی،صوبائی اور ضلعی قائدین نے خطابات جمعہ اور مختلف جلوسوںاور جلسوں سے خطاب کیا۔تحریک لبیک یا رسول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام آزاد کشمیر سمیت پورے ملک میں بھارتی جارحیت کے خلاف ’’یوم الجہاد‘‘ منایا گیا۔ صراط مستقیم جامع مسجد رضائے مجتبی میں مرکزی ’’جہاد کانفرنس‘‘ میں خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول ا للہ و تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا جہاد اور دہشت گردی میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔اسلامی سلطنت پر بارود برسانے کی عملی کوشش کے دوران پکڑے جانے والے اس پائلٹ کو خیر سگالی کے تحت احسان کے طور پر چھوڑ دینے کا کسی کو اختیار نہیں۔جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف کے لاہور ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بعد مظاہرہ کیا گیا ،جس کی قیادت پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے کی۔عبدالوحید شاہد روپڑی نے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف پاکستان کا کردار روز روشن کی طرح واضح ہے۔سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام بھارت کی امن دشمنی کے خلاف ملک گیر’’یوم مذمت بھارت‘‘ منایا گیا۔ ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں بھارت کی امن دشمنی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور بھارت کے جنگی جنون کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا گیا جبکہ نماز جمعہ کے بعد’’ بھارت مردہ باد مظاہرے‘‘ کئے گئے۔صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ انوار مدینہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا مودی الیکشن جیتنے کے لئے پاکستان دشمنی کو ہوا دے رہا ہے۔ پاک فوج کو بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دینا خوش آئند ہے۔ پاکستان کے غوری، ابدالی اور غزنی میزائل بھارت کا غرور خاک میں ملانے کے لئے کافی ہیں۔ یوم مذمت بھارت کے موقع پر گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، واہ کینٹ میں سید جواد الحسن کاظمی، لاہور میں مفتی محمد حبیب قادری، فیصل آباد میں صاحبزادہ حسن رضا ،ملک بخش الٰہی، کراچی میں علامہ تنویر الاسلام، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، پشاور میں مفتی فضل جمیل رضوی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، ملتان میں مولانا فیض بخش رضوی، چھانگا مانگا میں علامہ ارشد مصطفائی، مظفرآباد میں مفتی مفتی عامر رضا نے احتجاجی اجتماعات سے خطاب کیا۔ جماعت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور زبردست خراج تحسین کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ پاک افواج سے یکجہتی اور دشمن کو ناکوں چنے چبوانے پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے گئے۔ مرکزی ریلی لاہور جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں نکالی گئی جس کی قیادت امیر جماعت حافظ عبدالغفار روپڑی نے کی۔ اس سے قبل خطبہ جمعہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاک افواج کی بہادری پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور خصوصاً حسن صدیق نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔وزیراعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا غیر مشروط فیصلہ کر کے بھارتی میڈیا اور منافقانہ پالیسی پر گامزن بھارتی سرکار کو اوچھے ہتھکنڈوں کی کامیابی قرار دینے کا موقع فراہم کردیا۔مولانا پروفیسر عبدالمجید، مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر و دیگر نے خطابات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارتی ہٹ دھرمی پر اپنی خاموشی کا سلسلہ توڑے۔ پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام مسجد شہداء مال روڈ تا اسمبلی ہال تک وزیراعظم عمران خان، افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی جارحیت کیخلاف احتجاجی ریلی نکای گئی۔ اعجاز احمد چودھری، غلام محی الدین دیوان، پیر سید محمد حبیب عرفانی، عمرڈار اور عرفان حسن ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے قیادت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھام رکھے تھے۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کو بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دانشمندی سے عوام کو تباہی سے بچایا ہے اس لئے ان کو نوبل انعام ملنا چاہئے ۔کشمیر کے معاملے پر پاکستان ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گا، کشمیر کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی۔ اس موقع سینئر مرکزی رہنما عمر ڈار، شبیر سیال، محمد مدنی، امین ذکی، احمد علی بٹ، ملک وقار، عرفان عباسی، اشتیاق ملک، حاجی اعجاز دیوان، ملک زمان نیب ، اکرم چودھری، ندیم چودھری، ندیم ملک، ناصر سلمان، لقمان قاضی، ذکا دیوان، چودھری ریاض، ظہور فوجی، لکی خان ، شاہ رخ جمال بٹ، سعدیہ سہیل ایم پی اے ، صائمہ شوکت، فاطمہ عثمان سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام حضوری باغ (بادشاہی مسجد لاہور) میں خطیب امام بادشاہی مسجد و چیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیرآ زاد کی زیرقیادت ’’عزم پاکستان ریلی‘‘ کاانعقاد کیا گیا ہے،جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے راہنما جن میں مولانا عبد الرحمن ،قاری ظہور احمد، مفتی سیف اللہ خالد ، سید عبد البصیر آزاد، عبد القدیر آزاد،خواجہ جاوید اسلم صحاف،پرو فسیر عبد الحمید ،مولانا محمد خان اورسول سوسائٹی کے قائدین و دیگر مذہبی راہنما اور کثیر تعداد میں عوام الناس شریک تھے۔مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ہم سب امن پسند قوم ہیں اور پوری دنیا کو اس ریلی کے ذریعے امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں‘بھارت سے برابری کی سطح پر اچھے تعلقات کے حامی ہیں‘ہماری بہادر افواج اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں ‘ آخر میں ہماری یہ دعاء ہے کہ اللہ تعالیٰ ملک پاکستان کو ہر قسم کی اندرونی اور بیرونی خطرات و سازشوں سے محفوظ فرمائے اور اس کی حفاظت فرمائے۔پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں یوم استحکام و دفاع پاکستان منایا گیا۔پاکستان علما ء کونسل کے زیر اہتمام انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے ہونے والی چوتھی عالمی پیغام اسلام کانفرنس کو 3 مارچ کی بجائے 14 اپریل کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس ملک کے موجودہ حالات کی وجہ سے مؤخر کی گئی ہے ، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دیگر قائدین مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا ممتاز ربانی ، مولانا عابد اسرار ، مولانا الیا س مسلم ، محمد دائود خان ، مولانا نائب خان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جواب دے کر بھارت کے خطہ میں بالا دستی کے خواب کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا ہے۔ اوآئی سی وزراء خارجہ کے اجلاس میں بھارت کو دعوت دینا نا قابل قبول ہے ، پاکستانی حکومت کااجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ درست سمت قدم ہے ، اسلامی ممالک کواوآئی سی کے اس رویہ کا نوٹس لینا چاہیے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کی طرف سے کشیدگی کم کرنے کیلئے کوششیں درست سمت قدم ہے ۔پاکستان کو او، آئی ،سی کے اجلاس میں جاکر اپنا مؤقف پیش کرنا چاہئے۔دشمن کیلئے کسی بھی سطح کا عالمی فورم خالی نہیں چھوڑنا چاہئے۔پاکستان کی تمام سیاسی ومذہبی قوتیں متحد ہیں۔قوم کو تقسیم کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مرکزی علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں ’’دفاع پاکستان ‘‘کے موضوع پر جمعہ کے خطبات دئیے گئے۔مرکزی علماء کونسل سے منسلک علماء ، خطباء ،آئمہ نے جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔پاک فضائیہ اور پاک فوج کو پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کیلئے جرأت مندانہ اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور ملکی سلامتی واستحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جامع مسجد گول میں یوم دفاع پاکستان کے موضوع پرجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دومرتبہ پیشکش کی ہے۔ایپکا پاکستان کے مرکزی صدر حاجی محمد ارشاد چوہدری کی کال پر پورے پاکستان بشمول آزاد کشمیر 110 اضلاع میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں۔ محمد ارشاد چوہدری کی قیادت میںگورنر ہاؤس تک پاک فوج زندہ باد ریلی تمام محکمہ جات کے ہزاروں ملازمین کی شرکت۔گورنر ہاؤس کے سامنے دنیا کے امن دشمن وزیر اعظم مودی کا پتلا نزر آتش۔حاجی محمد ارشاد چوہدری مرکزی صدر ایپکا پاکستان نے اپنے خطاب میںپاکستان کی سرحدوں کی بھارتی بلا جواز جارہیت اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی شدید مزمت کی اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے اپیل کی کہ بھارت کی امن دشمن جارحیت کو روکا جائے ورنہ پوری دنیا اس جنگ کی زد میں آجائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن